قاسم آباد میں ترقیاتی کاموں کے نام پر میگا کرپشن جاری ہے، وفد کی سابق وزیراعلیٰ غلام ارباب رحیم سے ملاقات

کرپٹ ترین سندھ حکومت کے وزراء اور حیدرآباد کے پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندوں نے لوٹ مار کابازار گرم کیا ہوا ہے قاسم آباد گرین بیلٹ پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود پھر گرین بیلٹ کو ختم کرکے جائے واردات کو ختم کیا گیا، گرین بیلٹ پر نیب کا کیس چل رہا تھا سندھ زرداری حکومت کرپشن کے نئے طریقے دریافت کرکے قومی خزانے اور سندھ کے غریب عوام کے خزانے کو لوٹ کر اپنے خزانے میں دن بدن اضافہ کررہے ہیں

پیر 29 نومبر 2021 21:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) ایک وفد نے قاسم آباد کے ایشوز پر سابق وزیراعلیٰ سندھ و مشیر وزیراعظم ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے ملاقات کی، وفد نے بتایا کہ قاسم آباد میں ترقیاتی کاموں کے نام پر میگا کرپشن جاری ہے، کرپٹ ترین سندھ حکومت کے وزراء اور حیدرآباد کے پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندوں نے لوٹ مار کابازار گرم کیا ہوا ہے، وادھوواہ کے نئے روڈ کو توڑ کر پھر بنانے پر 25 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت آئی، قاسم آباد گرین بیلٹ پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود پھر گرین بیلٹ کو ختم کرکے جائے واردات کو ختم کیا گیا، گرین بیلٹ پر نیب کا کیس چل رہا تھا۔

ملاقات کرنے والے وفد میں جنرل سیکریٹری مسلم لیگ فنکشنل ضلع حیدرآباد رفیق مگسی ، انجمن تاجران قاسم آباد کے محبوب ابڑو ، صدر تعلقہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی قاسم آباد عبدالرحمن پہنور و دیگر شامل تھے، اس موقع پر سابق او ایس ڈی وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر بدر چنہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ سندھ زرداری حکومت ایک مافیا ٹولہ ہیں جو کرپشن کے نئے طریقے دریافت کرکے قومی خزانے اور سندھ کے غریب عوام کے خزانے کو لوٹ کر اپنے خزانے میں دن بدن اضافہ کررہے ہیں، ایسے کرپٹ وزراء کے دن اب گن چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ قاسم آباد کے مسائل پر نیب کو ریفرنس بناکے بھیجیں گے اور ان کا گھیرا تنگ کریں گے، انہوں نے یقین دلایا کہ میں آپ کے ساتھ قاسم آباد کے ہر جائز ایشو پر کھڑا رہوگا جلد ہم نیب اور اعلیٰ عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائے گے کیونکہ میرا گھر بھی قاسم آباد میں ہے، ان کرپٹ لٹیروں کا وقت ختم ہونے والا ہے۔