کورونا ویکسی نیشن کروانے والے غیر ملکی عمرہ زائرین کیلئے قرنطینہ کی پابندی ختم

سعودی حکومت کی منظوری شدہ کورونا ویکسین لگوانے والے زائرین کو آئندہ مملکت آمد پر قرنطینہ کی شرط سے استثںیٰ حاصل ہو گا

muhammad ali محمد علی پیر 29 نومبر 2021 21:46

کورونا ویکسی نیشن کروانے والے غیر ملکی عمرہ زائرین کیلئے قرنطینہ کی ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2021ء) کورونا ویکسی نیشن کروانے والے غیر ملکی عمرہ زائرین کیلئے قرنطینہ کی پابندی ختم، سعودی حکومت کی منظوری شدہ کورونا ویکسین لگوانے والے زائرین کو آئندہ مملکت آمد پر قرنطینہ کی شرط سے استثںیٰ حاصل ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے بیرون ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین پر عائد کورونا پابندیاں مزید نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔



خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے بتایا ہے کہ وزارت حج و عمرہ نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ ایسے غیر ملکی عمرہ زائرین جو سعودی حکومت کی منظور شدہ کورونا ویکسین لگوا چکے ہوں، انہیں مملکت آمد پر قرنطینہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی، یہ زائرین سعودی عرب آمد کے فوری بعد عمرہ ادا کرنے کے اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے غیر ملکی زائرین جنہوں نے عالمی ادارہ صحت کی منظورہ شدہ کوئی ویکسین لگوا رکھی ہو، ان پر لازم ہے کہ مملکت آمد کے بعد 3 روز کا قرنطینہ اختیار کریں، اس کے بعد ہی انہیں عمرہ ادائیگی کی اجازت ملے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی حکومت نے غیر ملکی عمرہ زائرین پر عمر کی حد کے حوالے سے عائد پابندیوں میں بھی نرمی کرنے کا اعلان کیا، جبکہ سعودی حکومت نے دنیا بھر سے عازمین کو سعودی عرب آمد کی اجازت بھی دے دی۔

سعودی گیزٹ کی رپورٹ کے مطابق آئندہ سے 50 سال سے زائد عمر کے غیر ملکی عازمین کو عمرہ ادائیگی اور مسجد نبویﷺ کی زیارت کی اجازت ہو گی۔ تاہم سعودی عرب آنے والے 18 سال سے کم عمر بچوں کو عمرہ ادائیگی کی تاحال اجازت نہیں دی گئی۔ اس کے علاوہ سعودی حکومت نے آئندہ ماہ سے پوری دنیا سے مسافروں کو مملکت آمد کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 4 دسمبر سے کرونا کی صرف ایک ڈوز لگوانے والے غیر ملکیوں کو بھی سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی، تاہم ایسے افراد کو مملکت میں داخل ہونے کے بعد 3 روز کا قرنطینہ بھی اختیار کرنا ہو گا۔

یہاں یاد رہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ ہفتے پاکستان سمیت 6 ممالک پر کئی ماہ سے عائد سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی وزارت داخلہ کے حکام نے اعلان کیا کہ پاکستان، انڈونیشیا، بھارت، مصر، برازیل اور ویت نام کے شہریوں کو یکم دسمبر سے سعودی عرب براہ راست آمد کی اجازت ہو گی۔