سعودی عرب کے رہائشی قلفی جما دینے والی سردی کیلئے تیار ہو جائیں

سردی کی شدت معمول سے زیادہ ہونے کا امکان، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 30 نومبر 2021 01:03

سعودی عرب کے رہائشی قلفی جما دینے والی سردی کیلئے تیار ہو جائیں
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 نومبر2021ء) سعودی عرب کے رہائشی قلفی جما دینے والی سردی کیلئے تیار ہو جائیں، سردی کی شدت معمول سے زیادہ ہونے کا امکان، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جائے گا۔ سعودی گیزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم سرما کی باقاعدہ آمد کیلئے تیار رہنے کی تلقین کر دی ہے۔ سعودی ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی، دسمبر کے پہلے ہفتے میں موسم سرما کی باقاعدہ آمد ہو گی۔

بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران سعودی عرب کے بیشتر ریجنز میں اچھی بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں مملکت کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد ہو چکا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ رواں موسم سرما کے دوران سعودی عرب میں موسم انتہائی شدید رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

سعودی گیزٹ کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سعودی ماہرین موسمیات نے پیشن گوئی کی کہ رواں سال مملکت میں ریکارڈ توڑ سردی پڑے گی۔

امکان ہے کہ موسم سرما کے دوران کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر جائے۔ ماہرین کے مطابق نومبر کے ماہ میں پہلے ہی سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں شدت والا موسم دیکھنے میں آیا۔ رواں ماہ کے دوران سعودی عرب کئی ریجنز میں موسلادھار بارشوں، آندھی طوفان اور ژالہ باری کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی آ چکی۔ ماہرین کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں موسم گرما کے دوران بھی موسمی شدت معمول سے زیادہ تھی، اسی طرح موسم سرما میں بھی موسمی شدت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔