سپریم کورٹ نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے کے پی حکومت کی درخواست مسترد کردی

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، عدالت عظمیٰ کی ہدایت

منگل 30 نومبر 2021 14:09

سپریم کورٹ نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے کے پی حکومت کی درخواست ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) سپریم کورٹ نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے کے پی حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔منگل کو سپریم کورٹ میں خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات سے متعلق انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کے ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف کے پی حکومت کی اپیل پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

سپریم کورٹ نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے کے پی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تمام اقدامات کر چکا، بلدیاتی الیکشن شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی دو سال تاخیر ہوچکی ہے، ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے عدالت کو بتایا کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے برادریوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے، ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس میں کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی، سیاسی جماعتوں کو آکر کہنا چاہیے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے نقصان ہورہا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں،اگر عدالت حکم امتناع نہیں دیتی تو الیکشن کی تاریخ بدلنے کی اجازت دے جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں۔ بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔