کورونا کی نئی قسم سے دہشت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں.صدربائیڈن

امریکہ میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاﺅن پر غور نہیں کر رہے ہیں.امریکی صدر کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 نومبر 2021 14:27

کورونا کی نئی قسم سے دہشت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں.صدربائیڈن
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 نومبر ۔2021 ) امریکی صدر جو بائیڈن نے کورونا وائرس کی سامنے آنے والی نئی قسم’ ’اومکرون“ کو تشویش کا سبب قرار دیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ دہشت زدہ ہونے کی وجہ نہیں ہے ایک بیان میں صدر نے کہا کہ وہ امریکہ میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاﺅن پر غور نہیں کر رہے ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ بوسٹر شاٹ سمیت ویکسین کا کورس مکمل کریں اور عوامی جگہوں پر جاتے ہوئے دوبارہ ماسک لگانا شروع کریں وائٹ ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ اومکرون قسم کا وائرس امریکہ بھی پہنچے گا تاہم انہوں نے کہا کہ امریکی شہریوں کو بچانے کے لیے جو چیزیں ضروری ہیں وہ موجود ہیں جیسا کہ منظور شدہ ویکسین اور بوسٹر شاٹ وغیرہ.

انہوں نے کہاکہ جب” اومکران“ آئے گا اور یہ آئے گا تو امریکہ اس کا اسی طرح مقابلہ کرے گا جیسے اس نے اس سے قبل آنے والے خطرات کا مقابلہ کیا ہے صدربائیڈن نے امریکہ کے اندر ایک اندازے کے مطابق، پانچ سال کی عمر سے زیادہ کے80 ملین یعنی آٹھ کروڑ ویکسین نہ لگوانے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لگوا لیں انہوں نے باقی شہریوں سے کہا کہ وہ ویکسین کی دوسری خوراک کے چھ ماہ بعد بوسٹر شاٹ لگوا لیں.

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر اور کورونا وائرس پر صدر کے مشیر ڈاکٹر انتھونی فاﺅچی نے بھی بائیڈن کے بیان کی تائید کی انہوں نے کہا کہ سائنس دان آئندہ ایک دو ہفتوں میں یہ جاننے کے قابل ہو جائیں گے کہ کووڈ19 کے خلاف موجودہ ویکسین کس حد تک اومکرون قسم کے خلاف موثر ہے اور یہ قسم پہلے سے دریافت اقسام کے مقابلے میں کس قدر خطرناک ہے .

ڈاکٹر فاﺅچی نے کہا کہ نئی قسم کے بارے میں ابھی ہم کچھ نہیں جانتے اس لیے کہ قیاس آرائی قبل از وقت ہو گی کورونا کی نئی قسم ایک ایسے نئے چیلنج کے طور پر سامنے آئی ہے جب صدر بائیڈن عالمی وبا کو کنٹرول میں رکھنے، امریکی معیشت پر کورونا اثرات کے خاتمے اور ملک کے اندر تعطیلات کے دوران زندگی کے معمول کی طرف آنے کے احساس کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں.