کورونا وائرس کی نئی قسم”اومیکرون“ کے پھیلاﺅ کا خطرہ‘کئی ملکوں نے سرحدیں بند کردیں

اسرائیل‘مراکش‘نیدرلینڈ‘کینڈا ‘آسٹریلیا اور جاپان کی پروازوں پر پابندیاں‘ہانگ کانگ‘یورپ اور امریکا میں مریض سامنے آگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 نومبر 2021 14:50

کورونا وائرس کی نئی قسم”اومیکرون“ کے پھیلاﺅ کا خطرہ‘کئی ملکوں نے ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 نومبر ۔2021 ) کورونا وائرس کی نئی قسم”اومیکرون“ کے خطرے کے پیش نظر متعدد ممالک نے اپنی سرحدیں بند کردی ہیں جبکہ محققین نے کورونا کے مقابلے میں اومیکرون وائرس کے خطرناک ہونے یا نہ ہونے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے. برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ سے شروع ہونی والی کورونا وائرس کی نئی قسم کے بارے میں محققین کا کہنا ہے کہ اس کے بارے میں بہت کچھ معلومات نہیں ہیں لہذااس بارے میں بھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ وائرس زیادہ متعدی ہے.

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اومیکرون وائرس کے پھیلاﺅکی خبریں تیزی سے سامنے آرہی ہیں اور متعدد ممالک تذبذب کا شکار ہیں کہ انہیں کیا حکمت عملی اپنانی چاہیے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک 50 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اسرائیل نے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا اور مراکش نے تمام پروازوں کو دو ہفتوں کے لیے معطل کر نے کا اعلان کیا ہے.

ہانگ کانگ، یورپ سے شمالی امریکا تک کئی جگہوں پر سائنسدانوں نے اس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے نیدرلینڈز میں اومیکرون کے 13، کینیڈا اور آسٹریلیا میں دو دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں امریکا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرانسس کولنز نے اس بات پر زور دیا کہ ابھی تک کوئی ایسا ڈیٹا نہیں ہے جس سے یہ معلوم ہوسکے کہ نئی قسم کووڈ 19 کی پچھلی اقسام سے زیادہ سنگین بیماری کا باعث بن سکتا ہے.

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ زیادہ متعدی ہے، جب آپ دیکھتے ہیں کہ یہ جنوبی افریقا کے متعدد اضلاع میں کتنی تیزی سے پھیل رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ اس ویرینٹ کے ایک شخص سے دوسرے میں پھیلنے کا امکان واضح ہے. کولنز نے زور دیا کہ ویکسینیشن، بوسٹر شاٹس اور ماسک پہننے جیسے اقدامات کے عمل کو دگنا کردیا جائے میں جانتا ہوں امریکی شہری ان باتوں کو سن کر تھک چکے ہیں لیکن وائرس ہم سے نہیں تھکا ہے ڈچ پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے تصدیق کی کہ جنوبی افریقا سے پہنچنے والے 13 افراد میں اومیکرون کی تشخیص ہوئی ہے وہ ان 61 افراد میں شامل تھے جن کا پرواز پر پابندی کے نفاذ سے قبل ایمسٹرڈیم کے شیفول ہوائی اڈے پر آخری دو پروازوں پر پہنچنے کے بعد وائرس کا مثبت ٹیسٹ آیا تھا.

کینیڈا کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ اومیکرون کے دو کیسز اونٹاریو میں پائے گئے جب دو افراد جنہوں نے حال ہی میں نائیجیریا سے سفر کیا تھا آسٹریلیا میں حکام نے کہا کہ افریقا سے سڈنی پہنچنے والے دو مسافر نئے قسم وائرس کا شکار ہوئے ہیں، افریقی ممالک سے آنے والوں کو اب آمد پر ہوٹل میں قرنطینہ کرنے کی ضرورت ہے دو جرمن ریاستوں میں ہفتے کے آخر میں واپس آنے والے مسافروں میں کل 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں. اسرائیل نے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے اور بیرون ملک سے آنے والے تمام اسرائیلیوں کے لیے قرنطینہ کو لازمی قرار دیا ہے ادھر جاپان کی جانب سے سرحدی کنٹرول بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے.