Live Updates

شریف برادران نے چوہدری برادران سے بے وفائی کی

شریف فیملی نے پرویزالٰہی کو وزیراعلی بنانے کا وعدہ کیا تھا،وزیراعظم عمران خان جو کر رہے ہیں وہ سیاست نہیں ہے۔سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 30 نومبر 2021 15:52

شریف برادران نے چوہدری برادران سے بے وفائی کی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) : سابق گورنر پنجاب اور نوازشریف کے انتہائی قریبی ساتھی سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا ہے کہ شریف برادران نے چوہدری برادران سے بے وفائی کی۔سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق سردار ذوالفقار کھوسہ نے انٹرویو کے دوران کہا کہ شریف فیملی نے پرویزالٰہی کو وزیراعلی بنانے کا وعدہ کیا تھا،چوہدری برادران کی بات درست ہے کہ شریف برادران نے وعدہ خلافی کی۔

نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں انہوں نے مزید کہا کہ شریف برادران جنہیں سب سے بڑاکرپٹ کہتے تھے اب ان کے ساتھ میز پربیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جو کر رہے ہیں وہ سیاست نہیں ہے۔ان سے سوال کیا گیا کیا تحریک انصاف میں کسی کے اشارے پر گئے تھے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ عمران خان میرے گھر آئے تھے ، میں کسی کے اشارے پرنہیں چلتا۔

(جاری ہے)

ذوالفقارکھوسہ سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ یہ کہا جا رہا ہے کہ آپ کو آصف زرادری اپنی جماعت میں شامل کرلیں گے اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ایسا نہیں ہے کہ جو جس جانب مرضی چاہے لے جائے۔واضح رہے کہ 2014ء میں سابق گورنر پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل کمیٹی کے رکن سینیٹر سردار ذوالفقار کھوسہ نے نواز شریف سے علیحدگی اختیار کرکے نئی مسلم لیگ بنانے کی بنیاد رکھی تھی۔

جس میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے چالیس سے زائد ممبران و قومی و صوبائی اسمبلی نے ان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ ،سردار ذوالفقار کھوسہ نے میاں نواز شریف اور شہباز شریف پر الزام عائد کیا کہ اس وقت ملک میں پانچ افراد کے ٹولے کی حکومت ہے جن میں دو بھائی ایک وزیراعظم اور ایک وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ساتھ ایک بیٹا ایک داماد اور ایک بیٹی شامل ہے جبکہ اس جماعت میں مسلم لیگ (ن) نام کی کوئی تنظیم اب باقی نہیں ر ہی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات