عوام پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں کی بدولت ان سے بد ظن ہو چکے ، سکندرحیات خان شیرپائو

بلدیاتی انتخابات ان کو بری شکست سے دوچار کرکے مہنگائی و بے روزگاری اور پسماندگی کا بدلہ ووٹ کے ذریعے لیں گے، کارکن دن رات محنت کریں،صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

منگل 30 نومبر 2021 19:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میںاپنے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کرے ۔انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں کی بدولت ان سے بد ظن ہو چکے ہیں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات ان کو بری شکست سے دوچار کرکے مہنگائی و بے روزگاری اور پسماندگی کا بدلہ ووٹ کے ذریعے لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں تحصیل تنگی کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بلدیات کے آنے والے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور تحصیل تنگی میں ڈور ٹو ڈورکمپین کیلئے مختلف پارٹی عہدیداروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پورے جذبے کے ساتھ میدان میں اتررہی ہے اوراپنی کارکردگی اورعوامی حمایت کے بل بوتے پرتمام محاذوں پربھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی اور بد انتظامی کی وجہ سے صوبہ اور عوام سماجی،معاشی اور اقتصادی مشکلات سے دوچار ہے اور حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کا بوجھ عوام کو گرانی کی صورت میںاٹھانا پڑ رہا ہے کیونکہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیادوں پر اضافہ کیا جارہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ گھر روزگاراور نئے پاکستان کے دعویدارتبدیلی سرکار نے عوام کو پسماندگی،بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیںدیا۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکمران عوامی حمایت سے محروم ہو گئے ہیں اور بلدیات کے آنے والے انتخابات میںبری طرح شکست سے دوچار ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام آزمائش کی گھڑی سے گزررہے ہیں اور انھیں بے تحاشہ مشکلات کا سامنا ہے تاہم قومی وطن پارٹی ان کے لئے امید کی کرن ہے اور ان کی نظریںپارٹی قیادت پر لگی ہوئی ہیں ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ کارکنوں حاجی دلاور خان،امجد علی،محمد وصال اور عابد خان زرگر نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔