گندم اور آٹے کی قیمت کے تعین کیلئے دائر درخواست پر کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی

منگل 30 نومبر 2021 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے گندم اور آٹے کی قیمت کے تعین کیلئے دائر درخواست پر متعلقہ حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی درخواست پر سماعت کی جس میں گندم اور آٹے کی قیمت مقرر نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا.یاد رہے کہ قبل ازیں جسٹس شاہد جمیل خان نے پندرہ نومبر کو درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوائی اور سفارش کی تھی کہ اس معاملے پر سماعت کیلئے لارجر بنچ تشکیل دیا جائے ،تاہم چیف جسٹس نے یہ درخواست دوبارہ جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل سنگل بینچ کو بھجوا دی ہے۔

منگل کے روز فاضل جج نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ دوران سماعت درخواست گذار تنظیم کے وکیل نے نشاندہی کی کہ گندم اور آٹا بنیادی ضرورت کی اشیا میں شامل ہے لیکن حکومت نے ان کی سرکاری سطح پر قیمت کا تعین نہیں کیا۔ وکیل نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ گندم اور آٹے کی قیمت کے تعین کا حکم دیا جائے۔