Live Updates

وفاقی کابینہ کا ملک سے نکلنے والی گیس کو صرف گھریلو صارفین کو دینےکا فیصلہ

ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹس کو 5 فیصد اضافی گیس دی جائے گی، آئی پی پیز اور کھاد فیکٹریوں کو بھی گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 30 نومبر 2021 20:38

وفاقی کابینہ کا ملک سے نکلنے والی گیس کو صرف گھریلو صارفین کو دینےکا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2021ء) وفاقی کابینہ نے ایل این جی پر چلنے والے پاورپلانٹس کو5 فیصد اضافی گیس دینے کا فیصلہ کیا ہے، ملک سے نکلنے والی گیس صرف گھریلو صارفین کو دی جائے گی، آئی پی پیز اور کھاد فیکٹریوں کو بھی گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں طے ایجنڈے کے نکات کے علاوہ کابینہ کو ای وی ایم اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملک میں نکلنے والی گیس صرف گھریلو صارفین کیلئے مختص رکھی جائے گی، جبکہ آئی پی پیز اور کھاد فیکٹریوں کو گیس کی فراہمی جاری رکھنے اور ایل این جی پر چلنے والے پاورپلانٹس کو 5 فیصد اضافی گیس دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کابینہ اجلاس میں کورونا ریلیف پیکج کے فنڈز کی آڈٹ رپورٹ پر بریفنگ ہوئی، ثانیہ نشتر نے آڈٹ اعتراضات پر تفصیلی بریفنگ دی، وزارت خزانہ نے تو پہلے ہی بتایا تھا کہ آڈٹ پیراز درست نہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ احساس پروگرام میں بہت سارے لوگوں کو پیسے جاری ہوئے لیکن استعمال نہیں ہوئے،کورونا فنڈ کی ذمہ دار تینوں ایجنسیوں کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ای وی ایم سے متعلق کہا کہ آئندہ انتخابات ای وی ایم پر کروانے لازمی ہیں، ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس پر وزارت قانون اپنی رائے دے گی، ہم سمجھتے ہیں کہ ای وی ایم قانون میں تبدیلی کے تحت آئندہ انتخابات ای وی ایم پر کرانے لازمی ہیں، اگر ایسا نہ ہوا تو ایک نقطہ نظر یہ ہے کہ حکومت فنڈز نہیں دے گی،کیونکہ قانون صرف ای وی ایم پر الیکشن کو مانتا ہے اس لیے وزیر قانون کا بھی یہی خیال ہے کہ بادی النظرمیں حکومت الیکشن کمیشن کو تبھی فنڈز دے سکے گی جب الیکشن ای وی ایم پر ہوں گے۔

ہم ایک کمیٹی بنائی ہے وزارت قانون اس پر اپنی قانونی رائے دے گی۔پارلیمنٹ نے چونکہ ترامیم کو منظور کیا ہے اس لیے الیکشن کمیشن کو چاہیے انتخابات کو فوری الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر شفٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ خریدنے کی حال ہی میں کچھ ویڈیوز آئی ہیں، سینیٹ انتخابات میں جس طرح ووٹ کی خریداری ہوئی سب نے دیکھا، الیکشن کمیشن کو کام کرتے ہوئے نظر آنا چاہیے، الیکشن کمیشن کو چاہیے لاہور واقعے پر انکوائری مکمل کرکے ایکشن لے۔

حیدر آباد میں آٹا سب سے مہنگا ہے 20 کلو کا تھیلا 1443 روپے کا ہے، پنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان میں20 کلو آٹا 1100 روپے کا ہے، حیدرآباد میں آٹا سب سے مہنگا، 20 کلو کا تھیلا 1443، کراچی میں 1404 روپے کا ہے، سندھ میں جو کئی دہائیوں سے برسراقتدار ہیں ان سے قیمتیں کنٹرول نہیں ہو رہی، وزیراعلیٰ سندھ سے دوبارہ کہتے ہیں کہ اپنے معاملات درست کریں، ٹماٹر، پیاز، چکن، ایل پی جی، چاول سمیت دیگر اشیا سستی ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ یوریا کی عالمی منڈی میں قیمت ساڑھے 8 ہزار روپے فی بیگ اور پاکستان میں 1700 روپے ہے، پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے، سندھ میں ایسا کچھ نہیں ہو رہا کیونکہ وہ خود سارے ملوث ہیں، ہمارے شہر جس طرح بڑھ رہے ہیں غذائی قلت ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے 3 بلین ڈالر کے معاہدے کے ضوابط مکمل ہوگئے ہیں، اس سال 4.75 ارب ڈالر کا زرمبادلہ آنے کا امکان ہے۔

ملک امین اسلم کو اسموگ پر قابو پانے کیلئے طویل المدتی پالیسی لانے کو کہا گیا ہے۔ اس سال ہمارے گیس کے ذخائر میں 9 فیصد کمی واقع ہوئی، پورے پاکستان میں صرف 28 فیصد لوگوں کو گیس میسر ہے، سی این جی اسٹیشنز کو یکم دسمبر سے پندرہ جنوری تک گیس سپلائی بند کرنے جا رہے ہیں۔ افغانستان پراوآئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس پاکستان میں ہوگا، کابینہ کےاجلاس میں رانا شمیم کے معاملے پربات ہوئی، امید ہےعدالت اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، رانا شمیم کہتے ہیں یہ بیان حلفی ان کا نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات