Live Updates

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں اضافے کا اعلان

اگلے ہفتے سعودی شہروں جدہ اور ریاض کے لیے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ سعودی سفیر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 دسمبر 2021 17:57

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں اضافے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم دسمبر 2021ء ) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا ۔ اُردو نیوز کے مطابق سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا ، پروازوں میں یہ اضافہ سعودی شہروں جدہ اور ریاض کے لیے ہوگا ، جس کا مقصد پاکستانی کارکنوں کو سہولت دینا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے دوسرے گھر سعودی عرب واپس پہنچ سکیں ، انہوں نے یہ بات سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد سعودی ایئرلائن کی اسلام آباد سے پہلی براہ راست پرواز کی جدہ روانگی کے موقع پر کہی ، یہ پرواز وفاقی دارالحکومت سے 231 مسافروں کو لے کر جدہ روانہ ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مارچ 2020ء میں معطل ہونے والا فضائی آپریشن کی مکمل طور پر بحالی کے موقع پر مسافروں کی روانگی کے لیے اسلام آباد ایئر پورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ، اس دوران مسافروں کو کورونا ایس او پیز، قرنطینہ اور دیگر پابندیوں کے بارے میں آگاہی بھی دی گئی ، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے مسافروں کو رخصت کرتے ہوئے انہیں پھول پیش کیے ، اس موقع پر سعودی سفیر نے چیک ان کاؤنٹرز پر مسافروں کے مسائل بھی سنے اور ایئر لائن حکام کو مسافروں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں ، جس کے بعد پاکستانیوں کو براہ راست مملکت آمد کی اجازت مل گئی ہے اور اب پاکستان سے سعودی عرب کیلئے براہ راست مسافر پروازیں آپریٹ ہو ں گی ، سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سعودی اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی ممکن ہو گئی ہے ، جو کئی ماہ قبل پاکستان آنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر تھے ، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی کی جانب سے بھی ردعمل دیتے ہوئے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات