مجھے وکیل عرفان مہر کے قاتل ہر صورت چاہئیں، وزیراعلی سندھ

اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں ،وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی پولیس چیف کو اجلاس میں ہدایت

بدھ 1 دسمبر 2021 20:33

مجھے وکیل عرفان مہر کے قاتل ہر صورت چاہئیں، وزیراعلی سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2021ء) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وکیل عرفان مہر کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مجھے وکیل عرفان مہر کے قاتل ہر صورت چاہئیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے وکیل عرفان مہر کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لے لیا اور کہا مجھے وکیل عرفان مہر کے قاتل ہر صورت چاہئیں۔

مرادعلی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں اور مین پوری، گٹکا، ماوا ودیگرمنشیات کیخلاف کریک ڈاؤن کریں۔وزیراعلی سندھ نے یف بی ایریا بینک ڈکیتی کیس بھی فوری ٹریس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مجھے کراچی ہر صورت پرامن چاہئے، میں چاہتا ہوں شہری بلا خوف شہر میں گھومیں پھریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مراد علی شاہ نے جنوبی میں موبائل ،کار اسنیچنگ کنٹرول کرنے کی بھی ہدایت کی۔یاد رہے کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے کار پر فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں کار سوار سندھ بار کونسل کے سیکرٹری عرفان مہر جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان مہرکوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ، عرفان مہربچوں کواسکول چھوڑنے جارہے تھے۔