پاکستان اور برطانوی سول ایوی ایشن کے درمیان پائلٹس کے امتحانات کا معاہدہ طے پاگیا

معاہدے کے تحت برطانوی سول ایوی ایشن پاکستانی پائلٹس سے امتحان لینے کی مجاز ہوگی، پہلے سال فی پیپر امتحانی فیس 90 پاؤنڈ اور دوسرے سال 95 پاؤنڈ مقرر ہوگی، معاہدے کی مدت3 سال ہوگی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 1 دسمبر 2021 19:13

پاکستان اور برطانوی سول ایوی ایشن کے درمیان پائلٹس کے امتحانات کا معاہدہ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم دسمبر 2021ء) پاکستان اور برطانوی سول ایوی ایشن کے درمیان پائلٹس کے امتحانات کا معاہدہ طے پاگیا، معاہدے کے تحت برطانوی سول ایوی ایشن پاکستانی پائلٹس سے امتحان لینے کی مجاز ہوگی، پہلے سال فی پیپر امتحانی فیس 90 پاؤنڈ اور دوسرے سال 95 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق ذرائع سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن پاکستان نے پائلٹس کے امتحانات کو آؤٹ سورس کردیا ہے۔

پائلٹس کے جعلی لائسنس کا معاملے پر پاکستان نے برطانیہ کی خدمات حاصل کرلیں، جس کے تحت پاکستان سول ایوی ایشن اور برطانیہ کی سول ایوی ایشن انٹرنیشنل کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے کے تحت برطانوی سی اے اے پاکستانی پائلٹس سے امتحان لینے کی مجاز ہوگی۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ  نے دونوں اداروں کے درمیان فریم ورک ایگریمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔

پہلے سال فی پیپر امتحانی فیس 90 پاؤنڈ اور دوسرے سال 95 پاؤنڈ مقرر ہوگی۔ اسی طرح پہلی بار 75 اور دوسری بار امتحان پر 25 فیصد ادائیگی کی جائے گی، تیسری بار امتحان پر پائلٹ فیس کی مکمل ادائیگی خود کرے گا، پاکستان اور برطانوی اداروں کے درمیان معاہدے کی مدت 3 سال ہوگی۔یاد رہے رواں سال 29 جون کی رپورٹ کے مطابق آئی سی اے او کی پاکستان کو پائلٹس لائسنس امتحانات روکنے کی ہدایت پر پاکستان سی اے اے نے پائلٹس لائسنس کے امتحانات برطانوی کمپنی کو ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کیا تھا، معاہدے کے تحت پائلٹ لائسنس امتحانات کیلئے سی اے اے برطانوی کمپنی کو لاکھوں پاؤنڈ ادا کرے گی، اس سے پائلٹس لائسنس امتحان کی فیس میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔