ملک میں مہنگائی کی شرح 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

گزشتہ سال کے مقابلے میں گھی 58 فیصد، کوکنگ آئل 53 فیصد، بجلی 47 فیصد مہنگی ہو گئی، آٹا، چینی، گوشت، دودھ، انڈے اور سبزیاں بھی مزید مہنگی ہو گئیں

muhammad ali محمد علی بدھ 1 دسمبر 2021 21:15

ملک میں مہنگائی کی شرح 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم دسمبر 2021ء) ملک میں مہنگائی کی شرح 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، گزشتہ سال کے مقابلے میں گھی 58 فیصد، کوکنگ آئل 53 فیصد, بجلی 47 فیصد مہنگی ہو گئی، آٹا، چینی، گوشت، دودھ، انڈے اور سبزیاں بھی مزید مہنگی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نومبر کے مہینے میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 11 اعشاریہ 5 فیصد تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ماہانہ صورتحال کے حوالے سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 9 اعشاریہ 3 فیصد تھی جو نومبر میں 11.5 فیصد پر پہنچ گئی۔ نومبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی 12 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 10.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

نومبر میں ماہانہ بنیاد پر ٹماٹر 131.64 فیصد، گھی 10.87، کوکنگ آئل 9.71، سبزیاں 10.46، انڈے 10.19، گوشت 2.63 فیصد، تازہ دودھ 2.33، چینی 1.43 فیصد، ادویات کی قیمتوں میں 1.63 فیصد ، بجلی 8.32 فیصد ،کنسٹرکشن اِن پٹ آئٹمز 1.99 فیصد مہنگے ہوئے۔ جبکہ نومبر میں ماہانہ بیناد پر پیاز 7.97 فیصد، چکن 4.34، دال مونگ 0.69 فیصد سستی ہوئی ۔ رپورٹ کے مطابق نومبر 2020 کے مقابلے نومبر 2021 میں سالانہ بنیاد پر گھی 58.28 فیصد ، کوکنگ آئل 53.59 فیصد، آٹا 10.26، آلو 17.66 فیصد ، بجلی چارجز 47.87 فیصد، ادویات کی قیمتوں میں 11.76 فیصد اضافہ ہوا۔

جبکہ سالانہ بیناد پر پیاز 37.68 ،آلو 17.66 ،دال مونگ 27.03 فیصد سستی ہوئی ۔ دوسری جانب بدھ کے روز مشیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.67 فیصد کمی ہوئی8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، ٹماٹر، پیاز، آلو، چکن، چینی سمیت مختلف اشیائے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ۔