لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کا راج، لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس مجموعی طور پر 356 پر پہنچ گیا

موٹر وے پولیس نے ایم 2 اور ایم 3 کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 2 دسمبر 2021 11:03

لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کا راج، لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس مجموعی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2021ء) : صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کا راج برقرار ہے جبکہ دوسری جانب اسموگ نے بھی مختلف شہروں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شدید دھند کے باعث صبح کے وقت موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے شیخوپورہ اور ایم تھری کو فیض پور سے سمندری تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس حکام نے روڈ استعمال کرنے والے شہریوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ دھند والی لائٹس استعمال کریں، تیز رفتاری سےگریز کر یں اورگاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔ محکمہ مو سمیات نے بھی آئندہ دنوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند بڑھنے کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں، موسم سرداور خشک رہے گا جب کہ آئندہ دنوں میں دھند مزید بڑھے گی۔

(جاری ہے)

آئندہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ گلگت بلتستان میں سکردو، استور، گلگت اور ہنزہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ چھائی رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں قلات اور کوئٹہ میں موسم شدید سرد رہنےکی پیشگوئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں اسموگ کی شدت میں بدستور اضافہ جاری ہے۔

لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس مجموعی طور پر 356 پر پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے شہری آنکھوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کے امکانات ہیں۔