ایف بی آر نے ملک بھر کے شہروں میں جائیدادوں کی نئی قیمتوں کا تعین کرلیا، کراچی ‘ سرگودھا کافیصلہ بعد میں کیا جائیگا

بڑے شہروں کیلئے جائیداد کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری ،قیمتوں میں اوسطاً10سی15فیصد ،کچھ شہروں میں100فیصد تک کا اضافہ

جمعرات 2 دسمبر 2021 13:14

ایف بی آر نے ملک بھر کے شہروں میں جائیدادوں کی نئی قیمتوں کا تعین کرلیا، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملک بھر کے شہروں میں جائیدادوں کی نئی قیمتوں کا تعین کرلیا، کراچی اور سرگودھا کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے جائیداد کی نئی قیمتیں مقرر کردی ہیں، ملک بھر کے 38بڑے شہروں کیلئے جائیداد کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

جائیدادوں کی قیمتوں میں اوسطاً10سی15فیصد کا اضافہ کردیا گیا جبکہ کچھ شہروں میں جائیداد کی قیمت میں100فیصد تک کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ایف بی آر نے پراپرٹی کی ویلیوایشن میں19نئے شہر شامل کیے ہیں جس کے بعد شہروں کی تعداد21سے بڑھا کر40کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی اور سرگودھا کے سوا38 بڑے شہروں کی پراپرٹی کی قیمتوں کا تعین کرلیا گیا ہے، ان دونوں شہروں کی پراپرٹی کی ویلیویشن بعد میں جاری کی جائے گی۔اس کے علاوہ پراپرٹی کی نئی ویلیویشن میں پنجاب کی13 اور سندھ کی3نئے شہر شامل کیے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخواہ کی2 اور بلوچستان کا1نیا شہر شامل کیا گیا ہے، جائیداد کی قیمتیں مارکیٹ ویلیو کی تقریباً95فیصد تک پہنچ گئیں۔