فیصل آباد میں کورونا مریضوں کی مثبت شرح صفرپر آگئی،ڈی ایچ او

جمعرات 2 دسمبر 2021 14:10

فیصل آباد میں کورونا مریضوں کی مثبت شرح صفرپر آگئی،ڈی ایچ او
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) فیصل آباد میں کورونامریضوں کی مثبت شرح صفرپر آ گئی اور حالیہ24گھنٹوں میں کوروناکا صرف1 نیا مثبت کیس رپورٹ ہوا ، فیصل آباد میں اب تک کووڈ۔19سے جاں بحق افراد کی کل تعداد1048اور ایکٹو کیسز کی تعداد71 ہو گئی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمدنے جمعرات کو اے پی پی کو بتایا کہ فیصل آباد کی تمام سرکاری اور پرائیویٹ لیبارٹریز میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران1276افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے تمام1275افرادکے ٹیسٹ منفی اور1 فرد کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد میں اب تک کووڈ-19سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی کل تعداد1048 اور ایکٹو کیسز کی تعداد71 ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ اب تک کووڈ-19کے25879مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس وقت الائیڈ ہسپتال میں کووڈ19کے29، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں 15اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آبادفیصل آبادمیں 3مریض داخل ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ اس وقت کووڈ کے کنفرم22مریض گھروں پر آئسولیشن میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں کووڈکے مریضوں کیلئے مخصوص کئے گئے تینوں ہسپتالوں میں کل 402 بیڈز مختص ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الائیڈ ہسپتال فیصل آبادمیں 200، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 52اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد فیصل آباد میں 150بیڈزکووڈکے سلسلہ میں مخصوص ہیں۔

انہوں نے بتا یا کہ الائیڈہسپتال میں 26 وینٹی لیٹرز سمیت شہر کے ڈی ایچ کیو اور غلام محمد آباد ہسپتالوں میں مجموعی طور پر47وینٹی لیٹرزموجود ہیں جنہیں بوقت ضرورت زیر استعمال لایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ الائیڈ،ڈی ایچ کیو و جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں کووڈ کے ممکنہ مریضوں کیلئے آکسیجن کی سہولت والے بیڈز وادویات وافرمقدار میں دستیاب ہیں تاہم پھر بھی احتیاطی تدابیرپرعمل درآمد ضروری ہے۔