اگر کے الیکٹرک نے گیس فراھمی مسائل حل نہ کیے تو ہم کے الیکٹرک کے پیسے کاٹ لیں گے، چیئر مین نیپرا کے ریمارکس

جمعرات 2 دسمبر 2021 14:34

اگر کے الیکٹرک نے گیس فراھمی مسائل حل نہ کیے تو ہم کے الیکٹرک کے پیسے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) نیپرا نے کے الیکٹرک کی اکتوبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ جمعرات کو سماعت چیئر مین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت ہوئی ۔ نیپرا حکام نے کہاکہ کے الیکٹرک نے پہلے فی یونٹ 29 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا ،کے الیکٹرک نے اب نظر ثانی کی درخواست میں فی یونٹ اضافہ ایک روپے 38پیسے مانگا ہے ۔

کے الیکٹرک حکام کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی طرف سے بجلی کی اوسط قیمت بڑھنے کے باعث فی یونٹ بجلی 1روپے 38پیسے اضافہ مانگا ہے ،بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجہ فرنس آئل اور ایل این جی قیمتوں میں اضافہ ہے ۔ چیئر مین نیپرا نے کہاکہ ابھی تک کے الیکٹرک کی ستمبر فیول ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیوں جاری نہیں ہوا ،، نیپرا حکام نے کہاکہ جلد کر دیں گے ۔

(جاری ہے)

نیپرا حکام کے طابق مختلف ایڈجسٹمنٹ کے بعد کے الیکٹرک کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا اضافہ ایک روپے آٹھ پیسے بنے گا ، اکتوبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین پر ایک ارب 90کروڑ روپے کا اضافہ منتقل ہو گا ۔ چیئر مین نیپرا نے کہاکہ کے الیکٹرک گیس فراہمی سے متعلق سوئی سدرن سے معاملات طے کر لے، اگر کے الیکٹرک نے گیس فراھمی مسائل حل نہ کیے تو ہم کے الیکٹرک کے پیسے کاٹ لیں گے۔

کے الیکٹرک حکام نے کہاکہ نیپرا سوئی سدرن کے ساتھ گیس فراہمی معائدے کیلئے ہماری مدد کرے ، نیپرا اس حوالے سے وزارت توانائی کو خط لکھے ۔ بعد ازاں کے الیکٹرک کی بجلی 1 روپے 38 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا،اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔