سٹیٹ بینک کے زیر اہتمام نیشنل فنانس لٹریسی پروگرام کے تحت سالانہ کارکردگی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام، بینکوں کے ریجنل ہیڈز کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈزو شیلڈ ز پیش

جمعرات 2 دسمبر 2021 15:31

سٹیٹ بینک کے زیر اہتمام نیشنل فنانس لٹریسی پروگرام کے تحت سالانہ کارکردگی ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) بینک دولت پاکستان کے زیر اہتمام نیشنل فنانس لٹریسی پروگرام کے تحت سالانہ کارکردگی2020-21 کے حوالے سے خصوصی تقریب کااہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی احسن کمال ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فنانس سپور ٹ ڈیپارٹمنٹ سٹیٹ بینک آف پاکستان و بینکنگ سروسز  کراچی تھے ، صدارت سرفراز احمد ندیم چیف منیجر سٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آبادنے کی، تقریب  میں طاہر عباس اے سی ایم اے ایف یو این ایف ایل پی نے کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔

اس موقع پرمہمان خصوصی احسن کمال نے کہا کہ فیصل آباد نے ہمیشہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ٹارگٹ حاصل کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس میں ہم 2017-18 کی پرفارمنس کو دیکھیں تواس میں نیشنل فنانس لٹریسی پروگرام (این ایف ایل پی) کا ٹارگٹ 122 فیصد تک حاصل کیاگیا،اسی طرح وہ لوگ جنہوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ان کی تعداد 13ہزار ہے جبکہ سنٹرل ریجن میں سٹیٹ بینک کی پرفارمنس میں بھی ہم نے ٹاپ کیا جس میں 6آفسزشامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پہلے سال کی کارکردگی ہے حالانکہ اس وقت ہمارے فیلڈ ٹرینرز بھی اتنے ٹرینڈ نہیں تھے مگر پھر بھی انھوں نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کا ر لا کر سٹیٹ بینک کے تمام پیرا میٹر ز کو حاصل کیا جس کو سٹیٹ بینک بھی مسلسل چیک کرتا رہا۔انہوں نے کہا کہ دوسرے سال کی پرفارمنس اس سے بھی بہتر ہے جو153فیصد رہی نیزاس پرفارمنس میں تمام کیٹیگریز شامل ہیں جس میں ایک کیٹیگری میں خواتین کی 15فیصد شمولیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے سال کی کارکردگی دوسرے سال سے بھی بہتر رہی اورہم نے پورے پاکستان میں ٹاپ کیا جبکہ ہماری پرفارمنس 188فیصد رہی۔احسن کمال نے کہا کہ ہمارے سیشن کا ٹارگٹ جو 760تھااس کے برعکس ہم نے ریکارڈ 1430 سیشن کئے جن سے فائدہ اٹھانے والے لوگوں کا ٹارگٹ یہ تھا کہ ہر سیشن میں 25لوگ موجود ہوں اس طرح ہمارا ٹارگٹ 19ہزار لوگ تھے لیکن اس کے مقابلے میں 37ہزار لوگوں نے فائدہ اٹھایا اس طرح ایک سیشن میں 104لوگ مستفید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے 1960 سیشن کئے اور اس میں ہماری کارکردگی265فیصد رہی جس کی خاص بات یہ ہے کہ اگر پچھلے سالوں میں کوئی کمی رہ بھی گئی تھی تو وہ اس سال پوری ہو گئی بلکہ اس میں ہم پہلے سے بھی بہت بہتری لے کر آئے نیزاس میں ہم نے خواتین کی شمولیت 15فیصد  سے بڑھ کر 60 فیصد رہی اوراس سال ہم سے فائدہ اٹھانے والے لوگوں کی تعداد کا 18500 کا ٹارگٹ تھا لیکن 60ہزار لوگوں نے ان سیشنز سے فائدہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال بھی ہم اپنا ٹارگٹ بہتر انداز میں آسانی سے پورا کر لیں گے۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فنانس سپور ٹ نے کہا کہ اس دفعہ ہم نے خواتین کی شمولیت اوران کے اکاؤنٹس کی تعداد کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے پر فوکس کیا ہوا ہے اور اس وقت ہماری اکاؤنٹ کنورجن ریشو 99فیصد ہے اور اس میں خواتین کی شمولیت 98فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ تمام سیشنز میں خواتین کی تعداد کو بڑھانے پر فوکس کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اے ایف یو کی سرگرمیوں کو دیکھیں تو نیشنل فنانس لٹریسی پروگرام (این ایف ایل پی) کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اے ایف یو یونٹ بھی چلتا ہے جس میں ایس ایم ای سیکٹر کے پروگرام منعقد اوران کے سیشن بھی وقتاً فوقتاً ہوتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم 6بینکوں کے ساتھ پہلا ایس ایم ای کلینک کر چکے ہیں اوراب ہم نے دوسرا ایس ایم ای کلینک 9دسمبر کو پلان کیا ہوا ہے،اس کے علاوہ کپیسٹی بلڈنگ سیشن فیصل آبادو چنیوٹ کا فیصل آباد میں اور اس کے علاوہ جھنگ میں بھی انعقاد پذیر ہو چکا ہے جبکہ ٹوبہ اور سرگودھا میں بھی سیشن پلان کیاجارہا ہے اوراس کے علاوہ ایس ایم ای اور اسلامک ایس ایم ای سیشنز بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ فنانس پروگرام میں بھی ہماری کارکردگی بہت اچھی ہے اورہماری کوشش ہوتی ہے کہ تین دن کے اندر اندر شکایت کو آگے بھیج دیا جائے۔احسن کمال نے کہا کہ نیشنل فنانس لٹریسی پروگرام (این ایف ایل پی) حکومت پاکستان کا ایک اچھا اقدام تھا جس میں ہمارا ٹارگٹ تھا کہ ہم ان  بینک ایریا ز میں جائیں جہاں لوگوں کے پہلے اکاؤنٹ موجود نہیں اور وہاں بینکنگ بھی نہیں کی جا رہی خاص کر ہماری خواتین جو بینکنگ کے متعلق آگاہ نہیں ہیں انہیں آگاہ کیا جائے تاکہ وہ بھی ملکی ترقی کے دھارے میں شامل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم چوتھے سال کی اس تقریب کے ٹارگٹس کو پیش کر رہے ہیں جن میں فیصل آباد ڈویژن جس میں سٹیٹ بینک کے مالیاتی لحاظ سے 6اضلاع شامل ہیں میں ان بینکوں نے مسلسل تیسرے سال ٹارگٹ حاصل کئے اور نمبر آف اکاؤنٹ بڑھائے ہیں جبکہ ہمارے ان بینکوں سے ایک لاکھ 40ہزار لوگ ان پروگرامز میں آئے جن میں سے ایک لاکھ 20ہزار لوگ وہ ہیں جن کے نئے اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں اور اس میں زرعی ترقیاتی بینک پہلے نمبر پر اور سونیری بینک دوسرے نمبر پر آیا۔ آخر میں تمام بینکوں کے ریجنل ہیڈز کو بہترین پرفارمنس کی مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈ شیلڈ ز دی گئیں۔