کھاریاں، ضلع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم13 دسمبر تا 17 دسمبر تک چلائی جائیگی

جمعرات 2 دسمبر 2021 16:32

کھاریاں، ضلع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم13 دسمبر تا 17 دسمبر تک چلائی ..
کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) ضلع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم13 دسمبر تا 17 دسمبر تک چلائی جائے گی، اس دوران پانچ سال تک عمر کے 4لاکھ 61 ہزار 325 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، چھ ماہ سے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دیے جائیں۔ یہ تفصیلات ڈپٹی مہتاب وسیم اظہر کی زیر صدارت محکمہ صحت کے اجلاس میں بتائی گئی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اختر جنجوعہ، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر ایاز ناصر، ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر صدف، ڈی او سول ڈیفنس اشفاق احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر زبیر احمد، ڈی ایس پی ٹریفک سعید احمد و دیگر محکموں کے سربراہان، سول سوسائٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔

اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں انسدادپولیومہم کو کامیاب بنانے کیلئے 1612موبائل ٹیمیں حصہ لیں گی، انسداد پولیوکے دوران مجموعی طور پر 3846انسداد پولیو ورکرز ڈیوٹی دینگے جبکہ اس سے قبل 2296اہلکار ڈیوٹی دیتے تھے، نگرانی کیلئے یو سی ایم اوز کی تعداد 313کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اضافی عملہ کا انتظام کرکے جامع مائیکرو پلان کو حتمی شکل دی جائے، ہیومن ریسویسز کیلئے تمام ڈیپارٹمنٹ عملہ فراہم کرنے کے پابند ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران دستیاب نہ ہونے والے بچوں، بند گھروں، بچوں کے ہاتھوں پر نشانات، انکاری والدین کے حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا جس کیلئے الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، ان ٹیموں کی نشاندہی پر کوریج کیلئے اضافی ٹیمیں بھی دستیاب ہونی چاہیں۔ انہوں نے پولیس، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں سمیت تمام محکموں کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے محکمہ صحت کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے۔