Live Updates

بلدیاتی ایکٹ پر حکومت پنجاب اور مسلم لیگ ق کے مابین ڈیڈ لاک برقرار

بلدیاتی ایکٹ پر حکومت پنجاب اور ق لیگ کے مذاکراتی ادوار کامیاب نہیں ہوسکے۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 2 دسمبر 2021 17:30

بلدیاتی ایکٹ پر حکومت پنجاب اور مسلم لیگ ق کے مابین ڈیڈ لاک برقرار
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2021ء) : بلدیاتی ایکٹ کے معاملے پر مسلم لیگ ق کے تحفظات کا معاملہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی ایکٹ کو لے پر حکومت پنجاب اور مسلم لیگ ق کے مابین ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔ وفاقی وزرا نے مسلم لیگ ق کے تحفظات اور تجاویز وزیراعظم عمران خان کو پہنچا دی ہیں۔ سیکرٹری بلدیات کی دو بار قائم مقام گورنرپنجاب سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ڈیڈلاک کے خاتمے کے لیے بھی دو اجلاس ہوچکے ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لئے دو اجلاس ہوچکے ہیں، ویڈیو لنک پر اتحادی قیادت، وفاق اور پنجاب کی سطح پر میٹنگ بھی ہوچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق بلدیاتی اداروں میں دیہی نمائندگی بڑھانے کے لئے کوشاں ہے اورمسلم لیگ ق تحصیل کونسل کے نظام کو بلدیاتی ایکٹ کاحصہ بنانا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ق نے سیمی اربن نمائندگی زیادہ ہونے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ق باضابطہ حکومت پنجاب کو اپنی تجاویز دے چکی ہے جبکہ بلدیاتی ایکٹ پر حکومت پنجاب اور مسلم لیگ ق کے مذاکرات کے کئی دور کامیاب نہیں ہوسکے ۔ائم مقام گورنرپنجاب اور وفاق کی سطح پر مذاکرات میں حکومت پنجاب کو پیغام دیدیا گیا جبکہ ویڈیو لنک پر وفاق اور پنجاب کی سطح پر میٹنگ میں بھی مسلم لیگ ق کو قائل نہیں کیا جا سکا ۔

مسلم لیگ ق کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ایسے کسی قانون کی حمایت نہیں کریں گے جس میں دیہی علاقوں کو نظر انداز کیا جائے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مسلم لیگ ق نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے ایک دو نکات پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔

حکومت سے ناراضگی کے ابہام کو دور کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم حکومت سے ناراض نہیں ہیں لیکن لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر ہمارے تحفظات ہیں۔ اس حوالے سے حکومتی ارکان کے ساتھ مذاکرات ہوئے اور آئندہ بھی مذاکرات ہوں گے۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ امید ہے کہ ساری بات وزیراعظم کے علم میں آئی ہو گی۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ای وی ایم اس وقت قانون بن چکا ہے لیکن معاملہ الیکشن کمیشن کا ہے کہ وہ اس کے ذریعے الیکشن کروا سکتے ہیں یا نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات