کراچی،محمد علی جناح یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات کے زیراہتمام پہلی قومی انڈر گریجویٹ سائیکالوجی ریسرچ کانفرنس

ملک بھر سے انڈر گریجویٹ طلباء نے آن لائن اور فزیکل اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے

جمعرات 2 دسمبر 2021 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2021ء) محمد علی جناح یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات کے زیراہتمام پہلی قومی انڈر گریجویٹ سائیکالوجی ریسرچ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے انڈر گریجویٹ طلباء نے آن لائن اور فزیکل اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر اور وا ئس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس پاکستان میں پہلی بار منعقد کی گئی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔

کوشش کی ہے کہ سوشل سائنسز کے انڈر گریجویٹ طلباء کو موقع فراہم کریں کہ وہ مختلف شعبوں میں مثبت سوچ کے ساتھ معاشر ے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ اساتذ ہ کو کلاسوں میں روایتی طریقوں سے ہٹ کر سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ سیکھنے کا عمل بہتر ہو۔

(جاری ہے)

محمد علی جناح یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات کی سربراہ ڈاکٹر مریم حنیف غازی نے کہا کانفرنس میں طلباء کو اپنا اعتماد بڑھانے اور ذہنی صحت کے حوالے سے بات کرنے کا موقع ملا۔

کانفرنس کی خاص بات یہ تھی کی کہ اس میں تمام فیکلٹی کے انڈر گریجویٹ طلباء جو ابھی بی ایس کررہے ہیں ان کو موقع دیاگیا۔ ہمارے ملک میں اس طرح کی انڈر گریجویٹ کانفرنس نہیں ہوتی اس کا سہرا محمد علی جناح یونیورسٹی کو جاتاہے۔کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وباکے بعد ہمیں کس طرح حالات کنڑول کرنا چاہئیں،طلباء کو موقع فراہم کیا گیا وہ اپنے خیالات کا اظہا رکریں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔

کانفرنس کی آرگنائزر لیکچرار مریم فردوس نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد طلباء کی تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنا تھا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایسے طلباء جو ریسرچ ورک سے خوفزدہ ہوتے ہیں انہیں کام کرنے کا حوصلہ ملے گا، جب تک تحقیق شائع نہیں ہوتی، دوسروں تک پیغام نہیں جاتا، کانفرنس کے انعقاد سے انڈر گریجویٹ طلباء اس طرح کا کام دیکھیں گے تو وہ بغیر کسی جھجھک کے ریسرچ میں حصہ لیں گے۔

طلبہ و طالبات نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس ہمارے لئے خاصی مفید ثابت ہوتی ہیں، ہمیں پڑھائی کے دوران ہی ریسرچ پر کام کرنے کا طریقہ آئے گا جو کہ خوش آئند ہے۔دیگر تعلیمی اداروں کو بھی اس طرح کی کانفرنس کرنی چاہیے۔اس موقع پر کر اچی یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر قدسیہ طارق ،پروفیسر ڈاکٹر انیلا عنبر ملک ،آئی سی پی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عظمی علی ، پروفیسر ڈاکٹر رافعہ رفیق، پروفیسر ڈاکٹر اقبال آفریدی، ڈاکٹر ارم نقوی اور ڈاکٹر عائشہ زبیر نے بھی شرکت اپنے خیالات کااظہار کیا۔وائس چانسلرڈاکٹر زبیر احمد شیخ او ر شعبہ نفسیات کی سربراہ ڈاکٹر مریم حنیف غازی کی طرف سے شرکاء میں شیلڈ اور طلباء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیئے گئے۔#