سعودی عرب کے ایک دیہات نے عالمی اعزاز حاصل کرلیا

اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے نے دنیا کے بہترین سیاحتی دیہات کی فہرست میں سعودی عرب کے ’رجال المع‘ کو نمبر ون عالمی سیاحتی گاؤں قرار دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 3 دسمبر 2021 10:50

سعودی عرب کے ایک دیہات نے عالمی اعزاز حاصل کرلیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2021ء ) سعودی عرب کے ایک دیہات نے عالمی اعزاز حاصل کرلیا ، اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے نے دنیا کے بہترین سیاحتی دیہات کی فہرست میں سعودی عرب کے رجال المع کو نمبر ون عالمی سیاحتی گاؤں قرار دے دیا ۔ العربیہ نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے کی جانب سے اسپین کے شہر میڈرڈ میں تنظیم کا جنرل اجلاس منعقد کیا گیا جہاں ایک سرکاری تقریب کے دوران دنیا کے بہترین سیاحتی دیہات کی فہرست میں سعودی عرب کے رجال المع سر فہرست عالمی سیاحتی گاؤں قرار دیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عالمی سیاحتی تنظیم نے رجال المع کو 75 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 175 مقامات میں سے منتخب کیا ہے ، سعودی عرب کی معاون وزیر سیاحت شہزادی ھیفا بنت محمد آل سعود نے میڈرڈ میں یہ ایوارڈ وصول کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اس شاندار اعزاز پر فخر ہے جو رجال المع کو اپنے ثقافتی ورثے ، اپنی منفرد ثقافت اور اپنی ممتاز تاریخ کے تحفظ کی وجہ سے حاصل ہوا ، میں رجال المع اور دیگر غیر معمولی مقامات پر سیاحوں کو دیکھنے کی منتظر ہوں جہاں مملکت کے پاس بہت بڑا سیاحتی ذخیرہ ہے۔

(جاری ہے)


معلوم ہوا ہے کہ اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے کی جانب سے بہترین سیاحتی دیہات کے ایوارڈ کا اعلان مئی میں ریاض میں منعقد ہونے والے ’سیاحت کی بحالی کے سمٹ‘ کے دوران کیا گیا تھا ، اس اقدام کا مقصد دیہی سیاحت کی شاندار مثالوں کو سامنے لانا ہے جن کے پہلو میں قدرتی اور ثقافتی عناصر ایک ساتھ دیکھنے کو ملتے ہیں جب کہ ان مقامات پر معاشرتی اقدار، طرز زندگی اور روایتی پیداواری طریقہ کار کو بھی تاحال محفوظ رکھا گیا ہے ۔

اس کے علاوہ بہترین سیاحتی دیہات کا یہ اقدام سیاحت کے ذریعے جامع کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے لیے العلا فریم ورک پر بھی مبنی ہے جو گزشتہ سال G20 کی سعودی عرب کی صدارت کے دوران شروع کیا گیا ، اس کا مقصد پائیداری کے عزم اور سیاحت کو معاشروں میں مثبت تبدیلی کے لیے ایک قوت کے طور پر استعمال کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ خیال رہے کہ رجال المع گاؤں عسیر کے پہاڑی علاقے میں ابہا شہر سے تقریباً 45 کلومیٹر مغرب کی جانب واقع ہے اور مملکت سعودی عرب کے متنوع ورثے اور ثقافت کی ایک منفرد مثال ہے ، یہ گاؤں قدرتی مٹی کے پتھر اور لکڑی سے بنے 60 کثیر المنزلہ محلات پر مشتمل ہے ، اس نے تاریخی تجارتی نیٹ ورکس کے مرکز میں ایک اہم مقام حاصل کیا جو یمن، بلا شام ، مکہ اور مدینہ سے جڑے ہوئے تھے۔