Live Updates

سربیا میں پاکستانی ایمبیسی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’عمران خان سے شکوہ‘

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 3 دسمبر 2021 15:20

سربیا میں پاکستانی ایمبیسی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’عمران خان سے شکوہ‘

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 03 دسمبر 2021ء) سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں واقع پاکستانی سفارتخانے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہینڈل (PakinSerbia@) پر آج تین دسمبر کو ایک غیرمعمولی ٹوئیٹ دیکھنے میں آئی۔ اس ٹوئیٹ میں مبینہ طور پر سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے نام ایک پیغام لکھا گیا، ''مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

عمران خان آپ ہم سرکاری اہلکاروں سے کب تک خاموش رہنے کی اور گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ کے بغیر کام کرنے کی توقع کب تک کرتے رہیں گے، ہمارے بچوں کو فیس کی عدم ادائیگی کے سبب اسکولوں سے نکالا جارہا ہے۔ کیا یہ نیا پاکستان ہے؟‘‘

اس کے علاوہ مذکورہ ٹوئیٹ میں وزیراعظم عمران خان کے ایک مقبول فقرے 'گھبرانا نہیں ہے‘ سے منسلک ایک مزاحیہ ویڈیو بھی شامل کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے پاکستان ایمبیسی کے اکاؤنٹ سے یہ ٹوئیٹ اب حذف کی جاچکی ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے دفتر نے ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ سربیا میں پاکستانی ایمبیسی کا ٹوئٹر اور انسٹاگرام کا اکاؤنٹ ہیک ہوچکے ہیں اور ٹوئیٹ میں پوسٹ کیے گئے پیغام کا تعلق سربیا میں پاکستانی سفارتخانے سے نہیں ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈجیٹل میڈیا، ارسلان خالد نے بھی اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے اس واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

مذکورہ ٹوئیٹ سامنے آنے کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر NayaPakistan# اور Serbia ٹاپ ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ ادھر پڑوسی ملک بھارت میں بھی پاکستانی سفارتخانے کی یہ متنازعہ ٹوئیٹ خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔

ع آ / ا ب ا (سوشل میڈیا ڈیسک)

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات