Live Updates

منی بجٹ سے معیشت کے تابوت میں آخری کیل لگایا جا رہا ہے، فاروق ستار

معیشت کا بیڑہ غرق کرنے کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی نالائقی ہے، عوام کو مایوسی سے نکالنے کیلئے سیاسی قیادت کو وسیع تر قومی مفاد میں مل بیٹھنا چاہیے۔ مرکزی رہنماء ایم کیوایم فاروق ستارکی اپوزیشن شہبازشریف سے ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 دسمبر 2021 16:41

منی بجٹ سے معیشت کے تابوت میں آخری کیل لگایا جا رہا ہے، فاروق ستار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 دسمبر2021ء) ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے معیشت کے تابوت میں آخری کیل لگایا جا رہا ہے، معیشت کابیڑہ غرق کرنے کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی، نالائقی ہے، عوام کو مایوسی سے نکالنے کیلئے سیاسی قیادت کو وسیع تر مفاد اور قومی یکجہتی کیلئے مل بیٹھنا چاہیے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف سے ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء فاروق ستار نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنماؤں احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے دوستوں کا شکریہ ادا کروں گا۔

(جاری ہے)

ن لیگ کے صدر شہبازشریف سے ملاقات کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی خراب ہے، کراچی کے حالات بہت زیادہ مخدوش ہیں، سیاسی استحکام کو بڑے چیلنجز لاحق ہیں، معیشت کاجتنا بیڑہ غرق ہونا تھا وہ ہوگیا ہے جو کسر رہ گئی تھی وہ منی بجٹ سے پوری کی جائے گی، منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ہے۔

لوگوں کی نبض پر ہمارے ہاتھ ہیں، عام لوگوں میں جو میں نے محسوس کیا ہے ، ہمارا عوام کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا، جینا مرنا اوڑھنا بچھوناان کے ساتھ ہے، ان کی نبض کو محسوس کرکے اس نتیجے پر پہنچا کہ ایک وسیع تر مفاہمت اور وسیع البنیاد اشتراک عمل، قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، اس کیلئے سیاسی اکابرین کو مل بیٹھنا چاہیے، عوام مایوس ہوگئے ہیں بے یقینی کی کیفیت میں ہیں، کراچی کا منظرنامہ دیکھیں تو یتیمی کا احساس ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک لاوا پک رہا ہے۔

اس کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی، ناتجربہ کاری اور اس پر نالائقی کے تڑکے نے رہی سہی کسر کو پورا کردیا ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی ایک بڑی اسٹیک ہولڈر ہے، انکار نہیں ہے، لیکن وہاں وڈیرہ شاہی ہے، حکمرانی وہاں بد سے بدتر کی طرف جا رہی ہے۔ وہاں خلیج گہری ہوتی جا رہی ہے۔ آج ہم نے یہاں بات کی ہے کہ اس سے ملک کو نکالنے کیلئے عوام کی مایوسی کو امید میں بدلنا ہے، ہمیں ایسے نکات نکالنے ہوں گے جس کے باعث ہمارے درمیان اتحاد ہو، لوگوں کو مایوسی سے نکالا جائے گا۔عوام حکومت کی نالائقی سے تنگ اور بے زار ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ پانچ وزراء خزانہ تبدیل کیے گئے ، پاکستان کی معیشت کو آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر کردیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات