راحت فتح علی خان کے اردو میں یو اے ای کا قومی ترانہ گانے کی ویڈیو وائرل

پاکستان کے نامور گلوکار نے متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی تقریبات پر ترانے کا اردو ورژن پیش کیا‘ یہ پہلا موقع ہے جب یو اے ای کے قومی ترانے کا عربی سے کسی بھی دوسری زبان میں ترجمہ کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 3 دسمبر 2021 17:33

راحت فتح علی خان کے اردو میں یو اے ای کا قومی ترانہ گانے کی ویڈیو وائرل
( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2021ء ) پاکستان کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان کے اردو میں یو اے ای کا قومی ترانہ گانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق راحت فتح علی خان نے متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر یو اے ای کے قومی ترانے کا اردو ورژن پیش کیا ہے ، 'وطن' کے عنوان سے یہ گانا 2 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر باضابطہ طور پر ریلیز کیا گیا اور اسے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کو بطور تحفہ پیش کیا ، یہ پہلا موقع ہے جب متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے کا عربی سے کسی بھی دوسری زبان میں ترجمہ کیا گیا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی ایک پریزنٹیشن کے دوران تقریباً سات منٹ طویل میوزک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ راحت فتح علی خان اپنے منفرد انداز میں گانا پیش کرتے ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ گانے کی ویڈیو میں متحدہ عرب امارات کی ثقافت ‘ ورثے ‘ اس کی ناقابل یقین ترقی اور کامیابی کو ظاہر کرنے والے شاندار مناظر کو بھی فلمایا گیا ہے۔

(جاری ہے)


دبئی میں مقیم پاکستانی صحافی پروڈیوسر سعدیہ عباسی نے کہا کہ وطن ملک میں بسنے والی مختلف قومیتوں‘ خاص طور پر جنوبی ایشیاء سے تعلق رکھنے والوں کی جانب سے یو اے ای کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ، متحدہ عرب امارات کی آبادی زیادہ تر اردو اور ہندی بولنے والے پاکستان ، ہندوستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن پر مشتمل ہے ، ان کے بچے متحدہ عرب امارات کا قومی ترانہ عربی میں گاتے ہیں، اب وہ اسے اپنی زبان میں بھی سن سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میوزک ویڈیو دبئی کے پاکستان قونصلیٹ کی پیشکش ہے لیکن یہ تمام اردو اور ہندی بولنے والے لوگوں کے لیے گونجتی ہے جو اس خوبصورت ملک کو اپنا گھر کہتے ہیں ، راحت فتح علی خان کو گانا پرفارم کرنے کے لیے منتخب کیا کیوں کہ متحدہ عرب امارات میں ان کی زبردست مقبولیت ہے ، ان کے مداحوں میں بڑی تعداد ہندوستانی اور پاکستانیوں دونوں پر مشتمل ہے اس کے علاوہ راحت اماراتیوں میں بھی مقبول ہیں۔