سابق چیف جج رانا شمیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی درخواست دائر

مسلم لیگ ن نے رانا شمیم کو بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان تعینات کیا، خدشہ ہے رانا شمیم بیرون ملک نہ چلے جائیں۔ درخواست میں مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 3 دسمبر 2021 17:36

سابق چیف جج رانا شمیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی درخواست دائر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2021ء) : سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی یہ درخواست ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ رانا شمیم مسلم لیگ ن سندھ کے عہدیدار رہے، مسلم لیگ ن نے ہی رانا شمیم کو بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان تعینات کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ خدشہ ہے کہ رانا شمیم بیرون ملک نہ چلے جائیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے، رانا شمیم سےمتعلق اہم معلومات ہیں، کیس میں فریق بنایا جائے۔ دوسری جانب وکیل رائے نواز کھرل نے توہین عدالت کیس میں فریق بننے کی بھی درخواست کر دی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید نے عدالتی حکم کی روشنی میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو خط لکھ دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کو اصل حلف نامہ جمع کروانے اور اس کے ساتھ تحریری جواب داخل کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید کی جانب سے رانا شمیم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سابق چیف جسٹس کے خلاف بیان کا حلف نامہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن کودیا جائے اور حلف نامے کی کاپی سربمہر لفافے میں پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو بھیجی جائے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن حلف نامہ بذریعہ وزارت خارجہ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیجے گا۔ قبل ازیں لندن کے نوٹری پبلک چارلس گتھری نے تصدیق کی کہ جنگ اور دی نیوز میں شائع ہونے والا حلف نامہ (جس میں صرف ایک نام کو حذف کر دیا گیا تھا) بالکل درست اور وہی حلف نامہ تھا جس پر انہوں نے دستخط کیے تھے اور مہر ثبت کی تھی اور اس حلف نامے پر جسٹس رانا شمیم کے دستخط تھے۔