سپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان جمالی نے 16ویں اسپیکر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان جمالی نے 16ویں اسپیکر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کااجلاس ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسی خیل کی زیر صدارت شروع ہوا تونومنتخب اسپیکر میر جان محمد جمالی نے اپنے عہدے کا حلف لیا یاد رہے کہ 30اکتوبر کو جان جمالی اسپیکر منتخب ہوئے تھے لیکن بیماری کی وجہ سے کراچی میں زیر علاج تھے سب سے پہلے قائد حزبِ اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ نے اسپیکر شب کا عہدہ سنبھانے پر مبارکباد دی جان جمالی سابق وزیر، سابق ڈپٹی اسپیکر سینٹ اور صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ جان محمد جمالی بلوچستان اسمبلی کے 16ویں اسپیکر ہوں گے۔میر جان محمد جمالی بلوچستان کے سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ضلع جعفرآباد کے علاقے اوستہ محمد میں 23 مئی 1955 کو پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

آپ کے والد نور محمد جمالی قبائلی رہنما ہونے کے ساتھ سیاست دان بھی تھے۔میر جان محمد جمالی نے ابتدائی تعلیم آبائی علاقے سے حاصل کرنے کے بعد بلوچستان یونورسٹی سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی اور اپنی سیاسی زندگی کا آغاز 1983 میں بلدیاتی انتخابات سے کیا، 1988 میں اسلامی جمہوری اتحاد کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی بنے۔

بعدازاں وہ 1990 میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہو کر بلوچستان اسمبلی کے رکن بنے اور 1993 میں صوبائی وزیر رہے۔میر جان محمد جمالی 1997 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر دوبارہ رکن اسمبلی بنے اور 15 جون 1998 سے لے کر 12 اکتوبر 1999تک بلوچستان کے وزیر اعلی رہے۔مسلم لیگ (ن) کے ہی ٹکٹ پر 2013 کے انتخابات میں دوبارہ حصہ لیا اور کامیاب ہوئے جبکہ 4 جون 2013 سے 2015 تک اسپیکر بلوچستان اسمبلی رہے اور 2مرتبہ ڈپٹی چیرمین سینٹ بھی رہے۔2018 میں بلوچستان عوامی پارٹی کا حصہ بنے اور اب ایک مرتبہ پھر اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔