بلاول بھٹو کی اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت

نیب صرف اپوزیشن کیخلاف کارروائیاں کررہی ہے، آغا سراج درانی کو پیپلز پارٹی کا جمہوری کارکن ہونے کی سزا دی جارہی ہے: بلاول بھٹو

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 3 دسمبر 2021 19:40

بلاول بھٹو کی اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 دسمبر 2021ء) بلاول بھٹو کی اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت۔ نیب صرف اپوزیشن کیخلاف کارروائیاں کر رہی ہے، آغا سراج درانی کو پیپلز پارٹی کا جمہوری کارکن ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو کا آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم یہ ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ احتساب کی آڑ میں انتقامی کارروائیاں جمہوریت کے لیے تباہ کن ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی کو پیپلز پارٹی کا جمہوری کارکن ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نیب صرف اپوزیشن کے خلاف ہی کارروائیاں کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کر لیا ہے۔ آغا سراج درانی کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ آغا سراج درانی 4 گھنٹے تک احاطہ عدالت میں موجود رہے۔ آغا سراج درانی کو نیب کی ٹیم نے سپریم کورٹ سے باہر آنے پر گرفتار کیا۔

اس سے قبل 30 نومبر کو سندھ ہائی کورٹ نے بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل یونیورسٹی لیاری میں غیر قانونی تقرریوں سے متعلق نیب انکوئری میں آغا سراج درانی و دیگر کی دس دن کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔ ہائیکورٹ میں بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل یونیورسٹی لیاری میں غیر قانونی تقرریوں سے متعلق نیب انکوئری سے متعلق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کا کہاں ہیں پیش کیوں نہیں ہوئی ضمانت کی درخواست میں ملزمان کو پیش ہونا لازمی ہوتا ہے۔ وکیل صفائی نے موقف دیا کہ آغا سراج درانی کی سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت دائر ہوچکی۔ آغا سراج درانی اس وجہ سے پیش نہیں ہوسکے۔ ملزم جاوید کے وکیل نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ میرے موکل کی طبعیت خراب ہے اس لیے آج پیش نہیں ہوسکے۔ سندھ ہائیکورٹ نے آغا سراج درانی و دیگر کی دس دن کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کی۔ عدالت نے آغا سراج درانی و دیگر کو دس دن میں متعلق کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ ملزمان کے خلاف بے نظیر بھٹو شہید لیاری میڈیکل یونیورسٹی میں غیر قانونی تقرریوں سے متعلق نیب انکوئری جاری ہے۔