کوئٹہ،میر جان محمد جمالی کے وسیع تجربے سے ایوان مستفید ہوگا ،حکومتی واپوزیشن ارکان بلوچستان

ہفتہ 4 دسمبر 2021 00:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) بلوچستان اسمبلی کے حکومتی واپوزیشن ارکان نے اسپیکر میر جان محمدجمالی کو عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کااظہار کیاہے کہ میر جان محمد جمالی کے وسیع تجربے سے ایوان مستفید ہوگا صوبے میں گورننس پر توجہ دی جائے تو لوگوں کے بہت سے مسائل حل ہونگے میر جان محمد جمالی ایک قد آور شخصیت ہیں وہ اپوزیشن اراکین اسمبلی کے آئینی ،قانونی حقوق کے تحفظ کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے ، میر جان محمد جمالی سینئر پارلیمنٹرین اور کہنہ مشق سیاستدان ہیں وہ سینیٹ میں ڈپٹی اسپیکر صوبے کے وزیراعلی اور اسپیکر رہ چکے ہیں توقع ہے کہ وہ صوبے کے وسائل کے آئینی و قانونی تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے جنگ لڑیں گے۔

ان خیالات کااظہار بلوچستان اسمبلی میں حکومتی واپوزیشن ارکان نے اسپیکر میر جان محمدجمالی کو عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کوبلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ،ڈپٹی اسپیکر سردار بابرخان موسیٰ خیل نے ان سے اسپیکر کے عہدے کا حلف لیا واضح رہے میر جان محمد جمالی 30اکتوبر کو بلامقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم ناسازی صحت کی بناء پر وہ اپنے عہدے کا حلف نہیں اٹھا سکے تھے جمعہ کے روز میر جان محمد جمالی نے صوبائی اسمبلی میں آمد پر ڈپٹی اسپیکر نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں دعوت دی کہ وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں ، حلف لینے کے بعد اسپیکر میر جان محمد جمالی نے کہا کہ وہ اب ایوان کے کسٹوڈین ہیں ہمیں اسمبلی کی کارکردگی بہتر بنانی ہے اسکے لئے اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کو فعال بنائیں گے تاکہ وہاں وزراء کی جواب داری ہو اس سے اسمبلی کے ساتھ اسمبلی کی عزت اور وقار کو بہتر بنائیں گے اسلام آباد کے ساتھ بھی بلوچستان کے مسائل کو اٹھائیں گے اسکے لئے حکومت اور اپوزیشن ساتھ اسلام آباد جاکر آواز اٹھائیں گے انہوں نے کہاکہ بحیثیت ڈپٹی چیئر مین سینیٹ میں نے بہت کچھ سیکھا ہے اس تجربے کی بنیادپر جب میں اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صوبائی اسمبلی کے رکن بنے تو سب سے پہلے میں نے وہ اراکین اسمبلی جو ایم پی ہاسٹل میں رہتے تھے انکے لئے رہائشی فلیٹس بنائے ۔

بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈوکیٹ نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے میر جان محمد جمالی کو اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میر جان محمد جمالی کے وسیع تجربے سے ایوان مستفید ہوگا انہوں نے کہا کہ صوبے میں گورننس پر توجہ دی جائے تو لوگوں کے بہت سے مسائل حل ہونگے میر جان محمد جمالی ایک قد آور شخصیت ہیں وہ اپوزیشن اراکین اسمبلی کے آئینی ،قانونی حقوق کے تحفظ کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ رواں سیشن میں آئین کے آرٹیکل 29سے 40تک پر عملدآمد کرکے تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت کی پالیسی اور کارکردگی پر رپورٹ پیش کی گئی ہے اگر یہ رپورٹیں مسلسل پیش ہوتیں تو مسائل پیدا نہ ہوتے ۔

بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر زراعت میر اسدا للہ بلوچ نے میر جان محمد جمالی کو اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر جان محمد جمالی سینئر پارلیمنٹرین اور کہنہ مشق سیاستدان ہیں وہ سینیٹ میں ڈپٹی اسپیکر صوبے کے وزیراعلی اور اسپیکر رہ چکے ہیں توقع ہے کہ وہ صوبے کے وسائل کے آئینی و قانونی تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے جنگ لڑیں گے انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اسلام آباد میں جامع انداز میں اپنے مسائل پیش کرنے ہیں اس میں اسپیکر میر جان محمد جمالی کو پل کا کردا ر ادا کرنا ہوگاانہوں نے کہا کہ ریکوڈک کے معاہدے کا مسئلہ چل رہا ہے 18ویں ترمیم پر عملدآمد کروانے کے لئے ہم اراکین اسمبلی کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا اسلام آباد آئینی و قانونی دائرے میں صوبے کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرے ایسا کوئی عمل نہ کیا جائے جس سے صوبے کے لوگوں کے احساس محرومی میں اضافہ ہو انہوں نے کہا کہ وفاق بلوچستان کو کالونی کے طور پر نہ دیکھے وہاں ہونے والے فیصلوں سے وزیراعلیٰ ، وزیر خزانہ، وزیر پی اینڈ ڈی سے پوچھیں تو انہیں یقینا معلوم نہیں ہوگا جس پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے کہا کہ ہم کوئی کالونی نہیں بلوچستان ملک کی اکائی ہے ،پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے میر جان محمد جمالی کو اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میر جان محمد جمالی اپنے تجربات کی بنیاد پر موثر انداز میں اسمبلی کے امور کو چلائیں گے اور صوبے کے حقوق کے حصول پر عملدآمد کروانے میں انکا تجربہ مثبت ثابت ہوگا انہوں نے کہاکہ اس وقت صوبے میں گوادر اور ریکوڈک معاہدے کے دو اہم مسائل چل رہے ہیں انہیں ایوان میں زیر بحث لایا جائے ان سے ہماری آئندہ نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے ان فیصلوں کی روشنی میں ہمارا آئندہ مستقبل تابناک یا پھر تاریک ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ ہمیں کسی نے تحفے میں نہیں دیا اس کے لئے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دی ہیں قبول نہیں کریں گے کہ چند ٹھیکیدار اسلام آبادمیں بیٹھ کر صوبے کا فیصلہ کریں انہوں نے مطالبہ کیا کہ گوادر اور ریکوڈک کے معاملات پر پارلیمانی اراکین پر مشتمل خصوصی کمیٹی سمیت سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میںٹروتھ کمیشن بنا یا جائے جو تحقیقات کرے کرکے ذمہ داروں کا تعین اور حقائق عوام کے سامنے لائے اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے کہا کہ گوادر اور ریکوڈک سے متعلق اسمبلی کی خصوصی کمیٹی بنائیں گے اسمبلیوں کا وقت کم رہ گیا ہے اگر انہیں گردن سے نہیں پکڑا تو یہ مسائل ہاتھ سے نکل جائیں گے انہوں نے کہا کہ قائد ایوان سے کہیں گے کہ سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن کے قیام پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں ، بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے اسپیکر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں ریکوڈ ک کے حوالے سے قرار داد منظور کی گئی ہم نے مطالبہ بھی کیا کہ اس قرار داد کو پورے ایوان کی جانب سے منظور کیا جائے لیکن کچھ دوستوں نے اسکی مخالفت کی انہوں نے کہاکہ ہمارے وسائل پر دستر س نہ ہونے کی وجہ سے ہی ہمیں بجٹ کے لئے وفاق کی طر ف دیکھنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت نصیر آباد میں پانی کی شدید قلت ہے لوگ دیگر علاقوں کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں انہوں نے استدعا کی کہ اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے یا پانی کے معاملے کو محکمہ آبپاشی کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کیاجائے جس پر اسپیکر میر جان محمد جمالی نے کہا کہ پانی کے مسئلے کے حل کے لئے صوبائی وزیر محمد خان لہڑی وہاں جا کر قیام کریں ۔

پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے رکن نصر اللہ زیر ے نے اسپیکر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ون مین ون ووٹ کے لئے خان صمد خان اچکزئی نے 14سال جیل کاٹی انکا موقف تھا کہ ہر شخص کوو وٹ کا حق دیا جائے اورانکی جدوجہد کے نتیجے میں یہ ممکن ہوا انہوں نے کہا کہ میر جان محمد جمالی سینئر پارلیمنٹرین ہیں ہمیں یقین ہے کہ اب اراکین اسمبلی پر بکتر بند گاڑیاں نہیں چڑھائی جائیں گی اور اپوزیشن کے حقوق کا دفاع کرتے ہوئے ہماری آواز نہیں دبائی جائیگی صوبائی وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ نے اسپیکر میر جان محمد جمالی کو عہدے کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ایوان کو رولز آف بزنس کے تحت چلائیں گے انہوں نے کہا کہ تین دسمبر کو معذوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے یہ انکی مراعات اور اقدار کو تسلیم کرنے کا دن ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لئے مختص پانچ فیصد کوٹہ پر عملدآمد یقینی بنایاجا ئے تا کہ معاشرے میں ایک ذمہ دار شخص کے طور پر زندگی گزار سکیں اس موقع پر میر جان محمد جمالی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ معذوروں ،اقلیتوں اور خواتین کے لئے ملازمتوں میں کوٹے پر کتنا عملدآمد ہوا ہے اس پر تفصیل فراہم کی جائے اجلاس میں نماز مغرب کے لئے 15منٹ کا وقفہ کیا گیااجلاس میں اسپیکر میر جان محمد جمالی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی اور سینیٹر ثناء جمالی کو ایوان میں آمد پر خوش آمدید کہا ۔