مظفر آباد،مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف ریلی

جمعہ 3 دسمبر 2021 21:21

مظفر آباد۔3دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 03 دسمبر2021ء) :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف آزاد جموںوکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی کے شرکاءجن میں النور سکول اینڈ کالج کے طلباءبھی شامل تھے نے بھارت کے خلاف اور غیر قانونی بھارتی قبضے سے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز  اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، النور سکول اینڈ کالج کے منیجنگ ڈائریکڑ روشن دین، حریت رہنما مشتاق الاسلام، عثمان علی ہاشم، پروین عبداللہ، شوکت اقبال اور محمد نظارف نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جعلی مقابلوں میں نہتے شہریوں کا قتل ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل ہے،مقررین نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں پر ظلم وستم کی انتہا کر رکھی ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ضمانت دینے والی اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا ہے۔