متحدہ عرب امارات اور فرانس کے درمیان تاریخی دفاعی ڈیل طے پاگئی

فرانس کی جانب سے امارات کو 80 رافیل جنگی طیارے اور جنگی ہیلی کاپٹرز فراہم کیے جائیں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 دسمبر 2021 23:51

متحدہ عرب امارات اور فرانس کے درمیان تاریخی دفاعی ڈیل طے پاگئی
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2021ء) متحدہ عرب امارات اور فرانس کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ طے پا گیا، فرانس کی جانب سے امارات کو 80 رافیل جنگی طیارے اور جنگی ہیلی کاپٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ خلیجی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق یورپی ملک فرانس اور متحدہ عرب امارات نے اربوں ڈالرز کی ڈیل طے پائی ہے۔ جمعہ کے روز دبئی ایکسپو کے مقام پر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان اور فرانسیسی صدر کی خصوصی ملاقات ہوئی۔

فرانسیسی صدر ان دنوں متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کیلئے امارات میں موجود ہیں۔ جمعہ کے روز ہوئی ملاقات کے دوران اماراتی ولی عہد اور فرانسیسی صدر نے 16 ارب یورو سے زائد مالیت کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی دفاعی ڈیل کے تحت فرانس کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو 80 رافیل جنگی طیارے فروخت کیے جائیں گے، اس کے علاوہ امارات 12 کاراکال ملٹری ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹرز اور دیگر دفاعی ساز و سامان بھی حاصل کرے گا۔

فرانسیسی میڈیا کی جانب سے متحدہ عرب امارات اور فرانس کے درمیان جنگی طیاروں کے حوالے سے ہونے والا معاہدہ اب تک کا سب سے بڑا بین الاقوامی معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مذکورہ ڈیل کے بعد فرانسیسی ایوان صدر سے جاری بیان میں متحدہ عرب امارات کو فرانسیسی دفاعی صنعت کے سب سے بڑے صارفین میں سے ایک قرار دیا گیا۔ یہاں واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے حالیہ چند برسوں کے دوران اپنی دفاعی قوت میں اضافے کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں۔

فرانس سے رافیل جنگی طیاروں کے حصول کیلئے معاہدہ کرنے سے قبل متحدہ عرب امارات کی جانب سے امریکا سے بھی اربوں ڈالرز کی دفاعی ڈیل طے کی جا چکی۔ اس ڈیل کے تحت متحدہ عرب امارات، امریکا سے دنیا کے سب سے جدید اور مہنگے ترین ایف 35 جنگی طیارے حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔