کورونا وائرس کا نیا ویرئینٹ، آئرلینڈ جانے والے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار

آئر لینڈ کی حکومت نے ماہرین صحت کے مشورے پر مسافروں پر نئے قوانین لاگو کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 4 دسمبر 2021 11:53

کورونا وائرس کا نیا ویرئینٹ، آئرلینڈ جانے والے مسافروں کے لیے کورونا ..
آئر لینڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2021ء) : دنیا بھر میں کورونا وائرس کا زور بتدریج کم ہونا شروع ہوا تو کورونا وائرس کے ایک نئے ویرئینٹ اومی کرون نے سر اُٹھا لیا اور دنیا بھر کے مختلف ممالک میں شہریوں کو متاثر کرنا بھی شروع کر دیا۔ کورونا وائرس کے اس نئے ویرئینٹ اور اس کے قدرے تیزی سے پھیلاؤ ہونے کے پیش نظر کئی پابندیاں عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے تاہم آئرلینڈ کی حکومت نے کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ کے پیش نظر مسافروں پر نئے قوانین لاگو کر دئے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق کرسمس کے موقع پر آئرلینڈ کا رُخ کرنے والے مسافروں کو روانگی سے قبل کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دکھانا ہو گی۔ رواں ہفتے، آئرلینڈ کی حکومت نے مسافروں کے لیے نئے قوانین تشکیل دئے جس کے تحت جس میں آئرلینڈ میں داخل ہونے والے تمام مسافروں کو پیشہ ورانہ طور پر زیر انتظام اینٹیجن ٹیسٹ پر آنے سے 48 گھنٹے پہلے یا آمد سے 72 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ پر منفی نتیجہ دکھانا ہو گا۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے جاری بیان میں ٹریول آپریٹرز کو بھی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ نئے قوانین کے تحت بورڈنگ سے قبل مسافروں کے کورونا ٹیسٹ لازمی چیک کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام مسافر نئے قوانین پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔ نئے قوانین کو ابتدائی طور پر دو ہفتوں کے لیے لاگو کیا گیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے توقع کی جا رہی ہے کہ ان پابندیوں کو جلد از جلد ختم کر دیا جائے گا۔

ان پابندیوں کا اطلاق برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر بھی ہو گا۔ جبکہ 11 سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کو اس پابندی سے استثنٰی دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے ہوٹل قرنطینہ کو دوبارہ لازمی کرنے کے لیے مطلوبہ قانون سازی بھی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جمعہ کے روز، مائیکل مارٹن نے کرسمس کے تہوار کے دوران سماجی حوالے سے نئی پابندیوں کا خاکہ پیش کیا، جس میں گھریلو اجتماعات اور مہمان نوازی کی نئی حدود شامل ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں 7 دسمبر سے 9 جنوری تک نافذ العمل رہیں گی۔