آگ لگنے سے بچ جانے والے حصے کی ہڈیاں ٹوٹی پائی گئیں، سری لنکن منیجر کی لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ

مزید 110 افراد گرفتار ہیں ، 900 افراد کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیئے گئے ہیں، حکام

ہفتہ 4 دسمبر 2021 13:09

آگ لگنے سے بچ جانے والے حصے کی ہڈیاں ٹوٹی پائی گئیں، سری لنکن منیجر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) سیالکوٹ میں سیکڑوں مشتعل افراد کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر کی لاش کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ آگ لگنے سے بچ جانے والے حصے کی ہڈیاں ٹوٹی پائی گئیں۔ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم میں سری لنکن شہری پریانتھا کی لاش کا زیادہ تر حصہ جلا ہوا پایا گیا، آگ لگنے سے بچ جانے والے حصے کی ہڈیاں ٹوٹی پائی گئیں۔

پولیس کی جانب سے شہری کی افسوس ناک ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور آپریشن رات سے جاری ہے۔پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق رات 50 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے، واقعے کے مرکزی ملزم فرحان کو گرفتار کر لیا گیا۔مزید 110 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، 900 افراد کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ زیرِ حراست ملزمان سے تفتیش جاری ہے، تفتیش سے دیگر ملزمان کی نشاندہی میں مدد مل رہی ہے۔پنجاب پولیس کے مطابق ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل جاری ہے۔ادھر وزراتِ داخلہ پنجاب نے اس واقعے کے حوالے سے سری لنکن سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے۔ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کی میت خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد بھجوائی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکڑوں مشتعل افراد نے سری لنکن شہری پر مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر ڈنڈے برسائے، اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، اس کی لاش کی بے حرمتی کی، گھسیٹا اور آگ لگا دی۔

متعلقہ عنوان :