پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ، سیاسی جماعتوں نے رابطے تیز کر دئے

عوامی تحریک نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے ساتھ مل کر تنظیمی سطح پر کام شروع کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 4 دسمبر 2021 13:03

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ، سیاسی جماعتوں نے رابطے تیز کر دئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2021ء) : پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں نے رابطوں میں تیزی کر دی ہے۔ جبکہ پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن لرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے ساتھ مل کر تنظیمی سطح پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ گذشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ق اور پاکستان عوامی تحریک کے مابین بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے رابطے اور بات چیت ہوئی۔

اس دوران پنجاب میں مل کر الیکشن میں حصہ لینے کی خواہش بھی ظاہر کی گئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کے مابین بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں تین رہنماؤں نے ایک دوسرے کی صحت کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک کی تںطیمی کوشش ہے کہ پنجااب میں زیادہ تر یونین کونسلز میں اُمیدوار لائے جائیں اور اسی سلسلے میں ڈاکٹر طاہر القادری اور خرم نواز گنڈا پور نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور بات چیت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے ساتھ جنوبی پنجاب کی سیاست پر بھی خصوصی توجہ دے گی۔ اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے ساتھ مل کر بلدیاتی الیکشن لڑنے کے لیے تنظیمی سطح پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہم بھرپور حصہ لیں گے اور الیکشن لڑنے کے حوالے سے تمام آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کروانے کا بڑا فیصلہ کر رکھا ہے۔