ایشین چیمپینزٹرافی،پاکستان ہاکی ٹیم پرعزم،کھلاڑیوں کی فٹنس اورٹیکٹیکل ٹریننگ پر بھرپورکام کیا،ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید

ہفتہ 4 دسمبر 2021 14:59

ایشین چیمپینزٹرافی،پاکستان ہاکی ٹیم پرعزم،کھلاڑیوں کی فٹنس اورٹیکٹیکل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید نے کہا ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں 14 تا 22 دسمبرکھیلی جانے والی ایشین چیمپینز ٹرافی میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم پرعزم ہے اور یہ ایک ورلڈ کلاس ٹورنامنٹ ہوگا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید نے کہا کہ کافی عرصہ سے قومی ہاکی سکواڈ انٹرنیشنل ایونٹ میں شریک نہ ہوسکی ، کھلاڑیوں کی بھرپور ٹریننگ کی ہے بالخصوص چار شعبہ جات میں خصوصی توجہ دی گئی ہے جس میں فزیکل فٹنس اور ٹیکٹیکل انڈرسٹینڈنگ پر بھرپور توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تربیت سے کھلاڑیوں کے کھیل اور پرفارمنس میں کافی بہتری آئی ہے،ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید نے کہا کہ شائقین ہاکی کو اس ایونٹ میں شاندار کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ایشین چیمپینز ٹرافی میں چھ ایشیائی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں میزبان ملک بنگلہ دیش سمیت پاکستان ، انڈیا، کوریا، جاپان اور ملائشیا شامل ہیںپاکستان ہاکی ٹیم 14 دسمبر کو اپنا پہلا میچ جاپان کے خلاف کھیلے گی ، روایتی حریف انڈیا کے ساتھ پاکستان کا میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔