سینیٹر شیری رحمان کا بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں پر تشویش کا اظہار

جون 2021 میں گردشی قرضہ 2280 ارب روپے تھا، نائب صدر پیپلز پارٹی

ہفتہ 4 دسمبر 2021 15:59

سینیٹر شیری رحمان کا بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون 2021 میں گردشی قرضہ 2280 ارب روپے تھا۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ گردشی قرضہ بڑھ کر 2419 ارب روپے ہوگیا ہے، جون سے اکتوبر تک گردشی قرضوں میں 139 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہاکہ صرف گردشی قرضوں کی مد میں ماہانہ 34ارب سے زائد کا اضافہ ہو رہا ہے، اگست 2018 میں جب سلیکٹڈ حکومت آئی تو گردشی قرضہ 1148 ارب روپے تھا۔ انہوںنے کہاکہ تبدیلی سرکار نے گردشی قرضوں میں 110 فیصد اضافہ کیا ہے، انہوں نے بجلی کے نرخوں میں 52فیصد سے زائد اضافہ کیا ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ بجلی نرخوں میں اضافے کے باوجود گردشی قرضہ کم ہونے کے بجائے بڑھ رہا ہے، انہوں نے انتخابی منشور میں گردشی قرضہ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا،حکومت کو بے نقاب ہونے میں صرف 3 سال لگے۔