چوہدری سرور کے انکشافات سنگین ہیں،خورشید شاہ

قرض کے بدلے پاکستان کے وسائل لکھ کر دینا خوفناک عمل ہے، پہلے کشمیر دے دیا، اب پاکستان دینا چاہتے ہیں سپریم کورٹ کو بلا تاخیر نوٹس لینا چاہئے، سپریم کورٹ وزیرِ خزانہ کو بلا کر معاہدوں کی تفصیلات چیک کرے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 4 دسمبر 2021 16:01

چوہدری سرور کے انکشافات سنگین ہیں،خورشید شاہ
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ گھر کے بھیدی نے پنڈورا باکس کھول دیا ہے، چوہدری سرور کے انکشافات سنگین ہیں۔اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے کچھ نہیں کہا، یہ حکومتی لوگ انکشاف کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرض کے بدلے پاکستان کے وسائل لکھ کر دینا خوفناک عمل ہے، پہلے کشمیر دے دیا، اب پاکستان دینا چاہتے ہیں۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کو بلا تاخیر نوٹس لینا چاہیئے، سپریم کورٹ وزیرِ خزانہ کو بلا کر معاہدوں کی تفصیلات چیک کرے۔ انہوںنے کہاکہ اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے نام پر کیا گیا فیصلہ اس کی کڑی ہے، حکومتی ارکان کا کوئی نقصان نہیں، وہ بیرونِ ملک چلے جائیں گے۔خورشید شاہ نے کہا کہ نقصان ملک کے 24 کروڑ عوام کا ہو گا، سیالکوٹ کا واقعہ افسوس ناک ہے، لیکن حکومت کچھ کرنا ہی نہیں چاہتی۔