فن لینڈ میں دہشت گردی کا منصوبہ: انتہائی دائیں بازو کے خیالات رکھنے والے پانچ افراد گرفتار

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 4 دسمبر 2021 16:00

فن لینڈ میں دہشت گردی کا منصوبہ: انتہائی دائیں بازو کے خیالات رکھنے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 04 دسمبر 2021ء) فن لینڈ کی پولیس کے مطابق پانچوں مشتبہ دہشت گردوں کو رواں ہفتے منگل کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔ اس یورپی ملک میں انتہائی دائیں بازو کے نظریات سے متاثر ہو کر دہشت گردی کا مبینہ منصوبہ بنانے کا پہلا واقعہ ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے پانچوں افراد سن 1995 اور سن 1998 کے درمیان پیدا ہوئے تھے اور ان کا تعلق فن لینڈ کے جنوب مغربی علاقے کنکانپا سے ہے۔

مقامی ریڈیو اسٹیشن کے مطابق ان میں سے کچھ افراد پہلے بھی مختلف جرائم میں سزایافتہ ہیں۔

مشتبہ دہشت گردوں کے نظریات کیا تھے؟

ان مشتبہ دہشت گردوں میں سے تین کو جاننے والے کنکانپا کے مقامی رہائشیوں نے بتایا ہے کہ ان میں سے ایک 'سکن ہیڈ‘ ہے جب کہ دیگر دو مبینہ طور پر 'نیو نازی‘ خیالات کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کا تاہم کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے پانچوں افراد 'ایکسلریشن ازم‘ کے قائل ہیں۔

سفید فاموں کی نسلی برتری کے قائل انہتائی دائیں بازو کے خیالات رکھنے والے ایسے افراد سرعت رفتار معاشرتی تبدیلی اور تفریق پیدا کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ رنگ و نسل کی بنیاد پر معاشروں میں تقسیم بڑھانے ہی سے وہ اپنے نظریات کے مطابق تبدیلی لا سکتے ہیں۔

امریکا میں فائرنگ کر کے بڑے پیمانے پر عام افراد کو قتل کرنے کے کئی واقعات میں ملوث کئی افراد بھی ایسے ہی نظریات سے متاثر ہوتے ہیں۔

فن لینڈ کی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں یہ بھی بتایا ہے کہ یہ گروپ بظاہر کسی بڑی دہشت گرد تنظیم کا حصہ نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق، ''دہشت گردانہ خیالات سے متاثر اس جیسے چھوٹے گروپ خفیہ رہ کر کام کرتے ہیں اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ کسی بڑی تنظیم کا حصہ نہیں ہیں۔‘‘

مشتبہ دہشت گردوں کے پاس کون سے ہتھیار تھے؟

مقامی پولیس کا کہنا ہے ان مشتبہ افراد کے قبضے میں موجود سامان سے واضح ہوتا ہے کہ یہ لوگ شدت پسند بن چکے ہیں اور دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے پر بھی تیار ہیں۔

پولیس نے میڈیا کو جو تصاویر دکھائیں ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نقاب پہنے اور ایک ہاتھ میں بندوق جب کہ دوسرے ہاتھ میں خنجر تھامے ہوئے ہے۔ دوسری تصاویر میں خودکار رائفل، خودساختہ بم اور ڈائنامائیٹ کے کئی بنڈل بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

فن لینڈ کی پولیس گزشتہ دو برس سے ان افراد پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ سن 2019 میں بھی ان افراد کے گھروں کی تلاشی لے کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔

پولیس کا یہ کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل کرنے اور گرفتار کردہ افراد پر فرد جرم عائد کرنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ تاہم دفتر استغاثہ نے پولیس کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے اگلے برس 31 مارچ تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

ش ح / ع آ (اے ایف پی، ڈی پی اے)