سندھ کی جامعات کے وائس چانسلرکی تعیناتی کااختیارڈاکٹرعاصم کے حوالے

وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لیے ڈاکٹرعاصم حسین کی سربراہی میں نئی سرچ کمیٹی تشکیل دی جائے گی

ہفتہ 4 دسمبر 2021 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) سندھ بھر کی جامعات کے وائس چانسلر کی تعیناتی کا اختیار ڈاکٹرعاصم حسین کے حوالے کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔وزیرجامعات وبورڈ نے سندھ بھر کی یونیورسٹیرز کے لیے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی بنانے کی سمری وزیراعلی مراد علی شاہ کو ارسال کردی ہے۔ڈاکٹرعاصم حسین کی سربراہی میں نئی سرچ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

سرچ کمیٹی سندھ بھر کی جامعات کے وائس چانسلر کے انٹرویو کرے گی۔

(جاری ہے)

اس 5 رکنی سرچ کمیٹی میں سیکریٹری یونیورسٹیز، سیکریٹری ہائیرایجوکیشن اور دیگر ممبران شامل ہونگے۔سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سرچ کمیٹی اپنے کام کا آغاز کرے گی۔واضح رہے کہ اگست 2015 میں پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین کو 462 ارب روپے کی کرپشن کے الزام اور دہشت گردوں کے علاج و معالجے کے مقدمے میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ جیل میں ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی نے ڈاکٹرعاصم کو کراچی کا صدر بھی مقرر کیا تھا۔