Live Updates

تھرپارکر پولیس پیپلز پارٹی کے اشارے پر ہمارے کارکنان کے خلاف جھوٹے مقدمات کا سلسلہ بند کرے،ذوالفقار ملاح

ہفتہ 4 دسمبر 2021 16:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2021ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سندھ اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کے پریس ترجمان ذوالفقار ملاح  کا کہنا ہے کہ تھرپارکر پولیس پیپلز پارٹی کے اشارے پر ہمارے کارکنان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانا بند کرے بصورت دیگر پیپلز پارٹی اور تھرپارکر پولیس کا گھیراؤ کرتے ہوئے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی زیر قیادت تاریخی دھرنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ہمارے لوگوں کے ساتھ ظلم و زیادتیاں بند کرے،  تنگ ہوکر اگر تھرپارکر کا عوام نکل آیا تو کوئی طاقت ان کا مقابلہ نہیں کرسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حامیوں کو ڈرا دھمکا کر سیاسی وفاداریاں تبدیل نہیں کروائی جاسکتیں۔ تھر کے عوام کا   ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کے ساتھ پیار اور محبت کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اللہ بخش درس سمیت ارباب غلام رحیم کے ہمدردوں کے خلاف جھوٹے مقدمے بناکر انہیں گرفتار کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ایک کھلی کتاب کی مانند ہیں جنہوں نے ہمیشہ ایوانوں کے اندر اور ایوانوں سے باہر تھرپارکر سمیت سندھ کے عوام کے حقوق کے لئے بھرپور جدوجہد کی ہے، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سندھ کے واحد لیڈر ہیں جن پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں اور ان کا کردار صاف ہے، وہ تھر سمیت پوری سندھ میں اپنے حامیوں کے ساتھ ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔


Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات