سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی مظہر فاروق جنجوعہ کا نیلم کا دورہ

ہفتہ 4 دسمبر 2021 17:56

نیلم ۔4دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 04 دسمبر2021ء) :وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق اور کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی مظہر فاروق جنجوعہ نے لائن آف کنٹرول کے علاقہ نیلم کا دورہ کیا۔ کھلی کچہری میں عوام کی مشکلات کا جائزہ لیا اور ان کے مسائل سنے۔

انہوں نے شہریوں سے اے جے کے ٹیوٹا میں اصلاحات لانے کے حوالے سے تجاویز بھی لیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی شفیق ترین نے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹیوٹا نے کہا کہ حکومت ہنر مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ آزاد کشمیر میں بے روزگاری کے خاتمے کیلئے ٹیوٹا کے ذریعے بین الاقوامی معیار کے مطابق فنی تربیت فراہم کرے گی جس میں نیلم سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کوبھی شامل کریں گے۔

(جاری ہے)

گراس روٹ لیول سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے ماڈل کو اپناکر سیاحت کی صنعت کو وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وی ٹی آئی آٹھمقام میں قائم مختلف شعبہ جات کو مکمل فعال کر کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فنی تربیت فراہم کریں گے۔ سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی مظہر فاروق جنجوعہ نے کہا کہ صحافی معاشرے کا کان اور آنکھ ہیں ، نیلم کے لوگوں کو فنی تعلیم کی اہمیت پر آگاہی دیں اور وی ٹی آئی آٹھمقام کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی مظہر فاروق جنجوعہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز آٹھمقام میں ٹیکنیکل کالج کے قیام کے علاوہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ آٹھمقام کی ترقیاتی سکیم کو نارمل میزانیے پر منتقلی اور ملازمین کی مستقلی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے طالبات کے مطا لبے پر ڈپلومہ مکمل کرنے پر سلائی مشین فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔