پنجاب یونیورسٹی کا سندھ کے طلبا کے داخلے منسوخ کرنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہی:پاسبان

ہفتہ 4 دسمبر 2021 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کا سندھ کے طلبا کے داخلے منسوخ کرنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ اس فیصلے سے علاقائی عصبیت کو ہوا ملے گی۔ سندھ حکومت کی بداعمالیوں اور نااہلیوں کی سزا عام طلبا کو کیوں دی جا رہی ہی سندھ سرکار کی نالائقی کی وجہ سے سندھ کے بے شمار ذہین اور باصلاحیت طلباء جامعہ پنجاب میں داخلے سے محروم کر دیئے گئے ہیں، طلبا کا تعلیمی مستقبل دائو پر لگ گیا ہے۔

ملک بھر کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرنا ہر پاکستانی طالبعلم کا حق ہے۔ پنجاب کے حکمران سطحی سوچ کے حامل ہیں، اپنی حرکتوں سے پنجاب کے مفادات کا نقصان کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ میں تعلیم حاصل کرنے والے پنجاب کے طلبا کے لئے مسائل پیدا ہوں گے ، فیصلہ واپس لے کر کھلے دل کا مظاہرہ کیا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں سندھ کے طلبہ کے نتائج میں تاخیر کے سبب، جامعہ پنجاب کے داخلے کینسل کرنے کے فیصلہ کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے پاسبان کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے مزید کہا کہ صوبے ایک دوسرے کے لئے تعلیمی، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں کے لئے نوگوایرایاز نہ بنائیں۔

پنجاب یونیورسٹی قومی یونیورسٹی ہے جسے ایک صوبے تک محدود کرنا ملکی وحدانیت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ تبدیلی سرکار اپنی سوچ تبدیل کرے، اب تک کی کارکردگی "ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا "کے مترادف ہے۔ پی ٹی آئی کے فیصلہ سازوں کی موجودگی میں ملک کو کسی سازش یا دشمن کی ضرورت نہیں ہے۔ سندھ کے نااہل حکمرانوں کی بداعمالیوں کی سزا معصوم طلبا کو کیوں دی جا رہی ہی