Live Updates

ملکی سیاست میں انقلاب آنے والا ہے، اسد عمر

ماضی میں جو سینما کے ٹکٹ بیچتے تھے آج ان کے محل بن گئے ہیں، جائیدادیں بنانے والوں کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی عزت نہیں ہے پہلے مٹھی بھر خاندان پاکستان کے وسائل پر قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے تھے ،وزیر اعظم عمران خان فیکٹریاں اور جائیدادیں بنانے اقتدار میں نہیں آئے ٍاب جو ووٹ لے کر آئے گا وہی طاقتور میئر ہو گا،ا سلام آباد میں ترقیاتی کاموں کو آئندہ 18 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، جون 2022 تک اسلام آباد میں 100 نئے ٹیوب ویل لگائے جائیں گے جن سے پانی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا جنوری سے اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب میں ہر شہری کو صحت کارڈ دیے جائیں گے، وفاقی وزیر کا اسلام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:03

ملکی سیاست میں انقلاب آنے والا ہے، اسد عمر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2021ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں انقلاب آنے والا ہے،ماضی میں جو سینما کے ٹکٹ بیچتے تھے آج ان کے محل بن گئے ہیں، جائیدادیں بنانے والوں کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی عزت نہیں ہے،پہلے مٹھی بھر خاندان پاکستان کے وسائل پر قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے تھے ،وزیر اعظم عمران خان فیکٹریاں اور جائیدادیں بنانے اقتدار میں نہیں آئے، اب جو ووٹ لے کر آئے گا وہی طاقتور میئر ہو گا۔

ہفتہ کے روز اسلام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کو آئندہ 18 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا اور جون 2022 تک اسلام آباد میں 100 نئے ٹیوب ویل لگائے جائیں گے جن سے پانی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پمز، پولی کلینک اسپتالوں میں سہولیات کو بڑھایا جائے گا۔ اس وقت اسلام آباد میں ایک ہی وقت میں کئی جگہوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں اور اسلام آباد کو جی ٹی روڈ سے منسلک کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں اس بار پانی کی قلت نہیں ہوئی اور راول جھیل سے اسلام آباد کو 20 لاکھ گیلن یومیہ پانی زیادہ ملا ہے۔ اب جنوری سے اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب میں ہر شہری کو صحت کارڈ دیے جائیں گے اور ان صحت کارڈز کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کرایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسپتالوں کے 2 نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں اور پولی کلینک کی توسیع کا منصوبہ بھی جلد شروع کرنے جا رہے ہیں۔

ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی سیاست میں انقلاب آنے والا ہے اور جو ماضی میں سینما کے ٹکٹ بیچتے تھے آج ان کے محل بن گئے ہیں۔گوالمنڈی میں گھومنے والے آج لندن کے محلوں میں مزے کر رہے ہیں جو لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہ ہونے کے دعوے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جائیدادیں بنانے والوں کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی عزت نہیں ہے اب جو ووٹ لے کر آئے گا وہی طاقتور میئر ہو گا۔

پہلے مٹھی بھر خاندان پاکستان کے وسائل پر قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے تھے۔ اسد عمر نے کہا کہ ماضی میں 5 شہروں میں کچھ خاندانوں کا مکمل قبضہ رہا ہے جبکہ گوالمنڈی میں رہنے والوں کے اربوں کے فلیٹس لندن اور دبئی میں بن جاتے ہیں۔ مریم نواز کہتی تھیں لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے لیکن خرم شیر زمان نے ٹھیک کہا آپ کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی عزت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند خاندانوں نے ترقی کی اور پاکستان پیچھے چلا گیا لیکن وزیر اعظم عمران خان فیکٹریاں اور جائیدادیں بنانے اقتدار میں نہیں ا?ئے۔بلدیاتی انتخابات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں میئر کا انتخاب براہ راست ہو گا اور میئر کو بااختیار بنائیں گے۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والا میئر عوام کو جوابدہ ہو گا اور اب لیڈر نہیں بلکہ عوام بااختیار ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چند خاندانوں نے ترقی کی اور پاکستان پیچھے چلا گیا اب ہم اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے۔ ماضی کے بلدیاتی انتخابات میں میئر کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات