Live Updates

محض الزام کی بنیاد پر قانون کو ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کے بر عکس ہے‘ گورنر پنجاب

اسلام میں تشدد اورشدت پسندی کی کوئی جگہ نہیں،علما ء اکرام انتہا پسندی کو روکنے میں مثبت کردار ادا کریں‘ چوہدری سرور

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ محض الزام کی بنیاد پر قانون کو ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کے بھی بر عکس ہے۔اسلام میں تشدد اورشدت پسندی کی کوئی جگہ نہیں۔علما ء اکرام انتہا پسندی کو روکنے میں مثبت کردار ادا کریں۔سیالکوٹ واقعہ پوری قوم کے لیے باعث شرمندگی ہے اس گھنائونے جرم کے مر تکب افرادکوکیفرکردارتک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

قانون ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔وزیر اعظم عمران خان تحقیقات کی نگرانی کررہے ہیں ذمہ دار بچ نہیں سکیں گے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے سیالکوٹ میں غیر ملکی شہری کو قتل کر نے اور اسکی لاش کو جلانے کے واقعے پر اپنی ٹویٹ اور بیان میں کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ سیالکوٹ واقعہ انتہائی قابل افسوس اور اسلام و شرف انسانیت کی توہین ہے ایسے واقعات میں ملوث افراد دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما ء اور مشائخ کی جانب سے اس اندوہناک واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ملک کو انتہا پسندی سے بچانے کے لیے متحد ہوکر کا م کر یں اور ملک کو دہشت گردی کیساتھ ساتھ انتہا پسندی سے بھی پاک کیا جائے ۔ چوہدرری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو پولیس نے گر فتار کر لیا ہے اب انکے خلاف آئین وقانون کے مطابق عدالتوں میں مقدمہ چلے گا اور انشا اللہ ذمہ داروں کو آئین وقانون کے مطابق سخت سے سخت اور جلد سے جلد سزا ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمدعلی جناحؒ کے ویژن کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ کیا جائے گا ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ توہین مذہب کو جوازبنا کر غیر ملکی کو زندہ جلا دینے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور 22کروڑ پاکستانیوں کے لیے باعث شرمندگی ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں نے ذمہ داروں کے خلاف بر وقت کار وائی کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود سیالکوٹ واقعہ کی نگرانی کر رہے ہیں اور حکومت کی دوٹوک پالیسی ہے کہ کسی بھی معاملے پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کو بھی پولیس سمیت متعلقہ ادارے یقینی بنائیں گے تا کہ آئندہ پاکستان میں ایسے واقعات نہ ہوں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات