Live Updates

ہمیں پاکستان پسند ہے، ایسے واقعات کہیں بھی ہو سکتے ہیں

بھائی ہمیشہ پاکستان کی تعریف کرتا تھا، پاکستان سے متعلق کبھی کوئی شکایت نہیں کی، اب تک کی تحقیقات سے مطمئن ہیں: مقتول سری لنکن مینیجر کے بھائی کمالا سری شانتا کا بیان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 دسمبر 2021 21:34

ہمیں پاکستان پسند ہے، ایسے واقعات کہیں بھی ہو سکتے ہیں
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2021ء) مقتول سری لنکن مینیجر کے بھائی کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان پسند ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں قتل کر دیے جانے والے سری لنکن شہری کے بھائی کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقتول سری لنکن شہری کے بھائی نے کہا ہے کہ وہ حکومت پاکستان کے اقدامات اور تحقیقات سے مطمئن ہیں۔

مقتول سری لنکن مینیجر کے بھائی کمالا سری شانتا کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان پسند ہے، پاکستان کے متعلق ان کے خیالات اب بھی اچھے ہیں۔ اپنے بھائی سے متعلق کمالا سری شانتا کا بتانا ہے کہ ان کے بھائی ہمیشہ پاکستان کی تعریف کرتے تھے، انہوں نے پاکستان سے متعلق کبھی کوئی شکایت نہیں کی، ان کا ایک اور بھائی پاکستان کے شہر کراچی میں ملازمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی اردو کے مطابق پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری مینجر پریا نتھا دیاودھنہ کی اہلیہ نیروشی دسانیاکے نے حکومت پاکستان سے منصفانہ تحقیقات اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے انٹرنیٹ پر دیکھا کہ میرے شوہر کا قتل انتہائی غیرانسانی عمل تھا، میرے شوہر ایک معصوم انسان تھے، لیکن انہیں بےدردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔

مطالبہ کرتی ہوں کہ منصفانہ تحقیقات کے بعد انصاف فراہم کیا جائے تاکہ میرے شوہر اور ہمارے دو بچوں کو انصاف مل سکے۔ اسی طرح سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے بھی ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ یقین ہے عمران خان ذمہ اروں کوکٹہرے میں لائیں گے۔ سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے لکھا کہ سری لنکن منیجر کے پاکستان میں قتل پر صدمے میں ہوں، میری ہمدردی سری لنکن منیجر کے اہلخانہ کیساتھ ہے۔

وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور اس کیعوام کو وزیراعظم عمران پر یقین ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ عمران خان ذمے داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ دوسری جانب سیالکوٹ واقعے پر وزیراعظم عمران خان اور سری لنکن صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو سیالکوٹ واقعے میں ملوث100 سے زائد افراد کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے یقیین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات