سری لنکا نے ہمیں آنکھیں عطیہ کیں، لیکن ہم پھر بھی اندھے ہیں

پاکستان سری لنکا کے شہریوں کی طرف سے عطیہ کی جانے والی آنکھوں کا ایک بڑا وصول کنندہ ہے، پاکستان کو 20 ہزار سے زائد آنکھیں عطیہ کی گئیں: رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر ہفتہ 4 دسمبر 2021 21:59

سری لنکا نے ہمیں آنکھیں عطیہ کیں، لیکن ہم پھر بھی اندھے ہیں
سیالکوٹ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 دسمبر2021ء) خواجہ آصف کے مطابق سری لنکا نے ہمیں 20 ہزار آنکھیں عطیہ کیں، لیکن ہم پھر بھی اندھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان مسلم لیگ ن اور رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے سانحہ سیالکوٹ پر ردعمل دیتے ہوئے سری لنکن شہری کے قتل کی مذمت کی ہے۔ عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے سری لنکا کے عوام کی طرف سے پاکستان پر کی جانے والی مہربانی پر بات کی۔

(جاری ہے)

ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ سری لنکا نے پاکستان کو 20 ہزار سے زائد آنکھیں عطیہ کیں۔ پاکستان سری لنکا کے شہریوں کی طرف سے عطیہ کی جانے والی آنکھوں کا ایک بڑا وصول کنندہ ہے، تاہم یہ ہزاروں آنکھیں لے کر بھی ہم اندھے ہیں۔

اپنے ایک اور ٹوئیٹ میں خواجہ آصف کا کہنا تھا ”ہم شرمندہ ہیں!“۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آپﷺ کے آفاقی پیغام کو مسخ کر دیا ہے۔ اپنے ذاتی اور گروہی مفادات کے لیے آپﷺ کے دین کے نام پر ظلم اور زیافتی کو فروغ دے رہے ہیں۔ اللہ ہمیں معاف فرمائے ،ہم پر رحم فرمائے اور ہمیں صراطِ مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔