سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت، ملک بھر میں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ

ملک بھر کے ایئر پورٹس پر کیلی بریشن نہ ہونے کی وجہ سے انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کی سہولت ہی دستیاب نہیں

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:29

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت، ملک بھر میں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 دسمبر2021ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت کی وجہ سے ملک بھر میں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ۔ ملک بھر کے ائیر پورٹس پر کیلی بریشن نہ ہونے کی وجہ سے انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کی سہولت ہی دستیاب نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی انتظامیہ کی غفلت کے باعث پاکستان بھر میں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ خدشہ انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کی سہولت دستیاب نہ ہونے کہ وجہ ہے پیدا ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم طیاروں کی لینڈنگ کے وقت رہنمائی کرنے والا ایک جدید نظام ہے جبکہ مقررہ مدت میں انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کی کیلی بریشن کرانا لازمی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ائیر پورٹس پر کیلی بریشن نہ ہونے کی وجہ سے انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم نہ ہونے سے لینڈنگ کے لیے طیاروں کی رہنمائی VFR اور RNP سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کی کیلی بریشن کرنے والے سول ایوی ایشن کے دونوں طیارے گراؤنڈ ہیں، اس وجہ سے انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کی کیلی بریشن بر وقت نہ ہو سکی ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن کا ایک کیلی بریشن ائیر کرافٹ پرندہ ٹکرا جانے کی وجہ سے گراؤنڈ ہوا ہے جبکہ دوسرا ایئرکرافٹ متعلقہ افسر کی غفلت کی وجہ سے گراؤنڈ ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن انتظامیہ متاثرہ طیاروں کی وقت پر مرمت بھی نہیں کروا سکی۔ تازہ صورت حال کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے ایک کیلی بریشن طیارے کی مرمت 20 دسمبر کو ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ جبکہ اس وقت صرف کراچی ہی وہ ائیرپورٹ ہے جہاں پر انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کام کر رہا ہے۔