ویکسین سے بچاو کیلئے جعلی بازو کا استعمال کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا

50 سالہ اطالوی شہری ویکسین یافتہ ہونے کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کیلئے دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر ہفتہ 4 دسمبر 2021 23:52

ویکسین سے بچاو کیلئے جعلی بازو کا استعمال کرنے والا شخص گرفتار کر لیا ..
روم (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 دسمبر2021ء) ویکسین سے بچاو کیلئے جعلی بازو کا استعمال کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا، 50 سالہ اطالوی شہری ویکسین یافتہ ہونے کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کیلئے دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین سے بچنے کے لیے اٹلی سے تعلق رکھنے والے شخص نے جعلی بازو پیش کر دیا۔

جعلی بازو پر کورونا ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والے شخص کی عمر 50 سال تھی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شہری ویکسین لگوائے بغیر ویکسینیشن سرٹیفیکٹ حاصل کرنا چاہتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اٹلی کے شمالی مغربی علاقے میں یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب ایک اطالوی شہری ویکسین لگوانے کے لیے پہنچا تو اس نے اپنے بازو پر کمال مہارت سے سیلیکون لگایا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

جونہی اس نے ویکسین لگوانے کے لیے بازو آگے بڑھایا تو اس کا خیال تھا کہ وہ جعلی بازو پر ویکسین لگوا لے گا تاہم وہ نرس کو چکمہ دینے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ بتایا گیا ہے کہ ویکسین لگانے والی نرس شروع میں تو ملزم کو ویکسین لگانے کا ارادہ کر چکی تھی تاہم بعد میں اس نے محسوس کیا کہ ملزم کے بازو کی رنگت کچھ مختلف ہے جبکہ اس میں انجکیشن لگانے کے لیے آنت بھی نظر نہیں آ رہی تھی۔

نرس کا کہنا ہے کہ بازو کی رنگت نے مجھے شک میں مبتلا کیا جس کے بعد میں نے ملزم کو سارا بازو ننگا کرنے کا کہا تو اسے بازو کی رنگت میں واضح فرق نظر آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ مزید برآں ملزم اینٹی ویکسینیشن موومنٹ کا ایک رکن تھا جسے قوانین میں سختی کے بعد عوامی مقامات میں جانے کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی ضرورت تھی۔

واضح رہے کہ اٹلی کورونا وباء پھیلنے کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے جہاں کورونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے کئی سازشی تھیوریز گردش میں ہیں۔ حکومت سرگرم عمل ہے کہ عوام کو ان سازشی تھیوریز کو مسترد کرنے کے لیے قائل کیا جا سکے جس کے لیے مختلف قوانین بھی بنائے گئے ہیں۔ حکومتی کوششوں کے تحت اٹلی کی 71 فیصد آبادی اس وقت کورونا کی دونوں ڈوزز لے چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :