Live Updates

مقتول سری لنکن شہری کی میت ایمبولینس کے ذریعے لاہور پہنچا دی گئی

سیالکوٹ فیکٹری کے مقتول مینیجر پریانتھا کمارا کی میت اگلے ہفتے سری لنکا روانہ کیے جانے کا امکان

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 5 دسمبر 2021 00:59

مقتول سری لنکن شہری کی میت ایمبولینس کے ذریعے لاہور پہنچا دی گئی
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 دسمبر2021ء) مقتول سری لنکن شہری کی میت ایمبولینس کے ذریعے لاہور پہنچا دی گئی۔ سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کی میت کو پوسٹ مارٹم کے بعد ایمبولینس کے ذریعے لاہور پہنچا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ میں ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میت کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پریانتھا کمارا کی میت کو سیالکوٹ سے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مقتول سری لنکن شہری کی میت ایمبولینس کے ذریعے لاہور منتقل کی گئی ہے۔ ایمبولینس کے ساتھ ایلیٹ فورس کی دو گاڑیاں بھی سیالکوٹ سے روانہ ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ لنکن منیجر کی میت کو لاہور ڈیفنس کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں اسے سردخانے میں رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لاش کو لاہور میں سری لنکن قونصلیٹ کے حوالے کیا جائے گا۔

سری لنکن قونصلیٹ میں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو خصوصی پرواز سے سری لنکا روانہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مقتول سری لنکن شہری کے بھائی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہیں اپنے بھائی کی میت منگل کے روز موصول ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہیں یقین ہے وزیراعظم عمران خان ذمہ اروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے لکھا کہ سری لنکن منیجر کے پاکستان میں قتل پر صدمے میں ہوں، میری ہمدردی سری لنکن منیجر کے اہلخانہ کیساتھ ہے۔ وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور اس کے عوام کو وزیراعظم عمران پر یقین ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ عمران خان ذمے داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ دوسری جانب سیالکوٹ واقعے پر وزیراعظم عمران خان اور سری لنکن صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو سیالکوٹ واقعے میں ملوث 100 سے زائد افراد کی گرفتاریوں سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے یقیین دہانی کروائی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات